12

بلدیاتی ایکٹ غیر جمہوری اور غیر آئینی ، اس کالے قانون کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں


پنجاب حکومت کا بلدیاتی ایکٹ 2025 دھاندلی کا نیا فارمولا ہے ۔
بلدیاتی اداروں کو بااختیار کیے بغیر شہری مسائل حل نہیں ہوسکتے۔
7 دسمبر کو پنجاب اسمبلی کے سامنے بلدیاتی ایکٹ کے خلاف بڑا احتجاج ہوگا ۔

امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا سید مودودی اسلامک سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب

لاہور (عمرحیات چوہدری) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ نے سید مودودی اسلامک سنٹر لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے بلدیاتی ایکٹ 2025 کو ’’دھاندلی ایکٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر مسترد کیا اور اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 7 دسمبر کو پنجاب اسمبلی کے سامنے اس ایکٹ کے خلاف بڑا عوامی احتجاج کرے گی۔ پریس کانفرنس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، چوہدری محمود شوکت، وقاص بٹ کنوینیئر پبلک ایڈ کمیٹی قیصر شریف، سیکرٹری شاہد نوید ملک و دیگر رہنما بھی شریک تھے۔ امیرجماعت اسلامی لاہورضیاءالدین انصاری نے کہا کہ غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات آئین پاکستان کے منافی ہیں اور پہلے مرحلے میں غیر جماعتی انتخابات کرا کے بعد ازاں منتخب نمائندوں کو حکومتی پارٹی میں شامل کرنے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرائے جائیں، یونین کونسل کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور مخصوص نشستوں کا انتخاب براہِ راست عوامی ووٹ سے ہو، صوبائی حکومت کے اختیارات عوامی نمائندوں کو منتقل کیے جائیں اور شہری حکومت کا بااختیار نظام نافذ کیا جائے۔ ضیاء الدین انصاری نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی اختیار پر کوئی قدغن برداشت نہیں کی جائے گی اور جماعت اسلامی عوامی حقِ حکمرانی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔صحافیوں کے سوالات کے جواب میں امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کا فرض ہے لیکن اس پر آگاہی مہم چلانے کی بجائے ظالمانہ جرمانے اور ایف آئی آرز کا اندراج افسوس ناک ہے پنجاب حکومت کو اس حوالے سے اپنا طرز عمل فوری تبدیل کرنا ہو گا اور بڑے پیمانے پر آگاہی مہم کی طرف آنا ہو گا تاکہ ٹریفک کے نظام اور عوام کی اصلاح ہو

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں