7

گرین لائن ہال کے کچھ پورشن میں آگ پر فوری قابو پانے پر ڈی ایس ریلوے انعام اللہ نے اسٹاف کو تعریفی اسناد سے نوازا

لاہور (عمرحیات چوہدری) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ نے 28 نومبر کو گرین لائن ہال کے کچھ حصے میں آگ لگنے کی صورت میں ریلوے اسٹاف کی بروقت اور مؤثر کارروائی پر اسٹاف کو تعریفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر ڈویژنل سگنل انجینیئر محمد ندیم خٹک اور ڈویژنل مکینیکل انجینئر محمد عمران بھی موجود تھے۔ ریلوے اسٹاف نے فوری ایکشن کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا جس کی بدولت بڑے پیمانے پر نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ آگ لگنے پر صرف معمولی نقصان ہوا جس میں تقریباً 15 پرانی کرسیاں جلیں جبکہ فالس سیلنگ کا کچھ حصہ بھی متاثر ہوا۔ آگ گرین لائن ہال کے اس کچھ حصے میں لگی جو اس وقت استعمال میں نہیں تھا۔ ریلوے فائر بریگیڈ اور متعلقہ متحرک ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھائی جبکہ ریسکیو 1122 بھی موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے میں بھرپور معاونت فراہم کی۔

تعریفی اسناد حاصل کرنے والوں میں اسٹیشن منیجر ظفر اقبال، ڈپٹی اسٹیشن منیجر عمران اشرف، منیجر آپریشن ایل ڈبلیو ایم سی طیبہ سرور کے علاوہ ایل ڈبلیو ایم سی کے ملازمین محمد اجمل، شیخ محسن، نعمان یعقوب، عتیق مسیح اور ہیر ویلین شامل ہیں۔

اس موقع پر ڈی ایس ریلوے لاہور نے کہا کہ ایسے اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسا کوئی واقعہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی فوری کارروائی قابل ستائش ہے اور ہمیشہ ٹیم ورک ہی بہتر نتائج کی ضمانت دیتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں