ٹریفک پولیس کے ظالمانہ چالانوں کے خلاف شہریوں کا غصہ بڑھنے لگاہے ۔
مہنگائی کے دور میں بھاری جرمانے عوام پر نیا بوجھ،عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے ۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ, سیکرٹری اظہر بلال و دیگر قائدین کا موٹر سائیکل ریلی سے خطاب
لاہور (نمائندہ خصوصی): امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شہر بھر میں غیر منصفانہ ٹریفک چالان، بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور انتظامیہ کی جانب سے روزمرہ مسائل پر عدم توجہی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ٹریفک چالانوں کی موجودہ پالیسی نہ صرف غیر متوازن ہے بلکہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے، جس کے خلاف جماعت اسلامی یک آواز ہو کر میدان میں آئی ہے۔شہریوں کے ہزاروں روپے میں چالان اور ایف آئی آرز کھلا ظلم اور بربریت ہے جس کے خلاف جماعت اسلامی ہر محاذ پر آواز اٹھائے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ٹریفک پولیس کی چالانوں اور ایف آئی آرز کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف جے آئی یوتھ لاہور کے زیر اہتمام بھِکی وال موڑ، وحدت روڈ تا ناصرباغ تک موٹر سائیکل ریلی کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال ، ڈپٹی سیکرٹریز جماعت اسلامی قیصر شریف ، شاہد نوید ملک، رہنما جماعت اسلامی احمد سلمان بلوچ و دیگر ذمہ داران سمیت بڑی تعداد میں نوجوانوں او ر طلبہ نے موٹربائیکس پر شرکت کی ۔ شرکاء ریلی نے حکومت پنجاب اور ٹریفک پولیس ظالمانہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مشن ایک ایسا منصفانہ اور شفاف نظام قائم کرنا ہے جس میں ہر شہری کو انصاف، سہولت اور عزت کے ساتھ جینے کا حق مل سکے۔
