
پاکستانی طلبا میں جاپانی زبان سیکھنے کا شوق بڑھنا خوش آئند ہے:سید ندیم عالم شاہ کا تقریب سے خطاب
جاپانی زبان پر عبور حاصل کرنےوالے طلبا کو جاپان میں نوکری آسانی سے مل جاتی ہے:ہیدی کازو تانی مورا
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستانی معاشرے میں جاپانی زبان کو فروغ دینے کیلئے(پی جے ایس اے )کے زیر اہتمام جاپانی زبان کے تقریری مقابلے منعقد ہوئے،جس میں طلبا کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی اس شاندار تقریب کے مہمان خصوصی جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ تھے دیگر مہمانوں میں جائیکا کے پراجیکٹ فارمولیشن ایڈوائزرہیدی کازو تانی مورا، پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن لاہور کی صدر پروفیسر غزالہ ،بریگیڈیئر ریٹائرڈ حزب اللہ خان، سید حارث شاہ ،ایتھوپین ایئر لائن کے کنٹری ہیڈ ارسلان علی سمیت طلبا کے لواحقین نے شرکت کی ۔ (پی جے ایس اے) کی صدر ستارہ عارف نے تقریب کے شرکا کو گرم جوشی سے خوش آمدید کہا۔ تقریری مقابلے میں شریک طلبا نے اپنی اپنی تقاریر میں نہایت جوش و خروش سے جاپانی زبان سے متعلق اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ طلبا کی دلچسپ تقاریر کو حاظرین نے نہایت انہماک اور دلچسپی سے سماعت کیا ۔تقریب کے دوران شرکاکیلئے جاپان کا روایتی رقص بون اوڈوری اور موسیقی کنسرٹ کی شاندار پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔تقریب کے اختتام پر جاپانی زبان کے تقریری مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ کسی ملک کی معاشرت اور ثقافت کے متعلق سیکھنے کا سب سے بہترین طریقہ اس ملک کی زبان کو سیکھنا ہے،جاپان اپنی قومی زبان کو بہت اہمیت دیتا ہے، اس لیے وہاں جا کر کامیاب ہونے کیلئے جاپانی زبان سیکھنا ناگزیر ہے، جاپانی زبان کے ان تقریری مقابلوں سے پاکستان میں جاپانی زبان کو فروغ ملے گا جبکہ جاپان اور پاکستانی عوام کے درمیان افہام و تفہیم کے سلسلے کو مضبوطی ملے گی۔ سید ندیم عالم شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی طلبا میں جاپانی زبان سیکھنے کا شوق بڑھنا خوش آئند ہے،جاپانی زبان سیکھنے کے بعد پاکستانی نوجوان جاپان کے بارے میں بہتر طور پہ جان سکیں گے ،ویسے بھی جاپان میں پاکستانیوں کیلئے نوکریوں کے بے شمار مواقع ہیں، ہنرمند افرادی قوت کو جاپان میں مختلف شعبوں میں روزگار ملنے سے پاکستانی شہریوں کا معیارزندگی بہتر ہو گا اور پاکستان کی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔جائیکا کے پراجیکٹ فارمولیشن ایڈوائزرہیدی کازو تانی مورانے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی زبان پر عبور حاصل کرنے والے طلبا کو جاپان میں بہتر انٹرن شپ، جزوقتی ملازمتیں اور بعد از تعلیم نوکریوں کے مواقع بھی باآسانی حاصل ہو سکتے ہیں۔
فوٹو کیپشن:
جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ،پی جے ایس اے کی صدر ستارہ عارف اور جائیکا کے پراجیکٹ فارمولیشن ایڈوائزر ہیدی کازو تانی مورا کا گروپ فوٹو