تحریر: محمد قیصر چوہان
سقوط ڈھاکہ ہماری قومی تاریخ کا وہ سیاہ ترین باب ہے ،جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ بنگلہ دیش کا قیام محض ایک جغرافیائی تبدیلی یا کسی خطے کے پاکستان سے علیحدہ ہونے کا اعلان نہیں تھا بلکہ یہ واقعات، سازشوں، غلط فیصلوں، الزامات اور بے شمار قربانیوں سے بھری ایک طویل اور خونچکاں داستان تھی۔ یہ سانحہ صرف بیرونی طاقتوں کی چالاکیوں کا نتیجہ نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر اپنوں کی غفلت، ناانصافیوں اور باہمی دوریوں کا شاخسانہ تھا۔ اس تاریخ پر جتنا بھی غور کیا جائے، دل پر ملال اور اذیت کی کیفیت گہری ہوتی چلی جاتی ہے اور یہ احساس ابھرتاہے کہ قومیں صرف بیرونی دشمنوں سے ہی نہیںبلکہ اپنی اندرونی کمزوریوں سے بھی ٹوٹ جایا کرتی ہیں۔
سقوطِ ڈھاکا اس اعتبار سے درناک بھی ہے اور عبرت انگیز بھی کہ ملت اسلامیہ کی سب سے بڑی مملکت اپنوں کی سادگی اور غیروں کی عیاری سے دولخت ہوگئی، مگر اقتدار کے سنگھاسن پر بیٹھے ہو ئے جرنیلوںکو اس کا کوئی غم نہ تھا۔ مشرقی محاذ پر ملک کی بقا و سلامتی کے لیے مامور ذمے دار قوم کو آخری وقت تک یہ باور کراتے رہے کہ ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، دشمن ہماری لاشوں پر سے گزر کر ہی ڈھاکا پہنچے گا، جبکہ مغربی پاکستان میں سیاسی شعبدہ بازی کے شناور اور موقع پرستی و چاپلوسی کے ہنرور عوام کو یہ طفل تسلیاں دیتے رہے کہ ہم ہندوستان سے ایک ہزار سال تک جنگ کریں گے، مگر یہی بلند و بانگ دعوے کرنے والے اور ملکی دفاع کو ناقابل ِ تسخیر باور کروانے والوں نے دشمنوں کے آگے گھٹنے ٹیک کر پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا۔ باوقار قوموں کی زندگی میں ذلت کی زندگی عزت کی موت سے بہتر ہوتی۔ 16 دسمبر کے حادثہ جانکاہ کے اسباب و علل پر بہت کچھ کہا اور لکھا جاتا رہا ہے اور جب تک اس کرہ ارض پر پاکستان کا جود برقرار ہے مشرقی پاکستان کی علٰیحدگی کی وجوہات اور سول و فوجی حکمرانوں کی سیاسی عدم بصیرت اور عاقبت نا اندیشیوں پر بہت کچھ لکھا جاتا رہے گا، مگر ان تمام تجزیوں اور تبصروں میں اس امر کو کسی بھی طور نظر انداز نہیں کیا جاسکے گا کہ قیام پاکستان کے ابتدائی برسوں اور اس کے بعد سے اب تک ملکی سیاسی بساط پر اسٹیبلشمنٹ کی بازی گری، بالواسطہ و بلاواسطہ مداخت، جوڑ توڑ کی سیاست اور کارِ منصبی سے ہٹ کر سیاسی امور میں بے جا مداخلت، جمہوری کلچر کو فروغ دینے میں گریز بھی کسی طور کم نہیں تھا۔ اس امر کی حقیقت سے کون انکار کرسکتا ہے کہ مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے اہم اسباب میں سیاسی محرومی، مغربی پاکستان کی نوکر شاہی کا متعصبانہ رویہ اور ملکی اقتدار پر قابض فوجی آ مروں کی اپنی ناک سے آگے نہ دیکھنے اور ذات سے آگے نہ سوچنے کی مجہولانہ روش تھی۔ پلٹن میدان میں جنرل نیازی نے دشمن کے آگے ہتھیار ڈال کر جس شکست کا اعتراف کیا وہ ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔ مشرقی کمانڈ کے جنرل امیر عبد اللہ نیازی قوم سے یہی کہتے رہے کہ ہندوستانی افواج ہماری لاشوں پر سے گزر کر ہی ڈھاکا پر قبضہ کرسکتی ہے مگر پوری دنیا نے دیکھا کہ 2 دسمبر کو بھارتی افواج نے مشرقی پاکستان پر حملہ کیا اور 16 دسمبر کو ڈھاکا کے سقوط کا دل خراش سانحہ وقوع پذیر ہوگیا اس طرح محض 13 روز کے اندر انہوں نے دشمن کے آگے ہتھیار ڈال دیے۔ مشرقی پاکستان کی آبادی ملک کی مجموعی آبادی کا 55 فی صد تھی، یہاں کی زمین بھی سونا اُگلتی تھی اگر ملک میں جمہوری قدروں کو بحال رکھنے کی کوشش کی جاتی اور عوامی رائے عامہ کا احترام کیا جاتا اور ذوالفقار علی بھٹو اِدھر ہم ادھر تم کا نعرہ بلند نہ کرتے اور نہ ہی ارکانِ اسمبلی کو یہ دھمکی دیتے کہ جو مشرقی پاکستان جائے گا اس کی ٹانگیں توڑ دی جائیں گی، تو صورتحال قدرے مختلف ہوتی۔ اصولاً 70 کے انتخابات میں اقتدار اکثریتی پارٹی کے حوالے کیا جانا چاہیے تھا، مگر ایسا نہ کر کے مشرقی پاکستان کے عوام بالخصوص بنگلا زبان بولنے والوں کے اندر محرومی کا احساس پیدا کیا گیا اور لطف یہ کہ انتخابات کے نتائج کو بھی تسلیم کرنے سے انکار کر کے ان کے احساسِ محرومی کو مزید مستحکم کردیا گیا، خواجہ ناظم الدین جو پاکستان کے دوسرے وزیر اعظم تھے، انہیں اقتدار سے نہ صرف بے دخل کیا گیا بلکہ ان کے ساتھ انتہائی ہتک آمیز سلوک کیا گیا۔ تنگ آمد بجنگ آمد کی مانند اس صورتحال کا جو لازمی نتیجہ تھا وہ بالآخر اُبھر کر سامنے آگیا اور 71 کے اواخر میں شر پسند اور ملک دشمن عناصر کھل کر سامنے آگئے جن کی تربیت ایک عرصے سے بھارت میں کی جارہی تھی، اس طرح پاکستان کے ازلی دشمنوں کو مکمل طور پر کھل کھیلنے کا موقع مل گیا، اور بالآخر ملک دو ٹکروں میں بٹ گیا، بنگلا دیش کے قیام کے فوراً بعد ہی پلٹن میدان میں ہونے والے ایک عوامی جلسہ عام سے بھارت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے اس پر بھپتی کسی کہ ہم نے ہزار سالہ غلامی کا بدلہ لے لیا ہے اور آج دو قومی نظریہ خلیج بنگال میں غرق ہوگیا۔ سقوطِ ڈھاکا کا سانحہ گزرے 54 سال ہوگئے مگر المناک صورتحال یہ ہے کہ ہم آج بھی اس سانحے سے کسی قسم کا کوئی سبق لینے کے لیے تیار نہیں آج بھی عوامی مینڈیٹ کی توہین و تذلیل کا سلسلہ جاری ہے، طاقت کے مراکز کو عوام کے منتخب نمائندے قبول نہیں، عوام اپنے ووٹوں سے جب اپنے حقیقی نمائندے منتخب کرتے ہیں تو ان کے مقدس ووٹوں پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے اور انتخابی نتائج ڈھٹائی کے ساتھ تبدیل کر کے من پسند افراد کے حق میں کردیا جاتا ہے، فیصلے پارلیمنٹ کے بجائے غیر منتخب قوتیں کر رہی ہیں، جس طرح 71 میں سیاسی مسئلے کو سیکورٹی کا مسئلہ باور کرایا گیا اسی طرح آج بھی سیاسی مسئلے کو سیکورٹی کا مسئلہ بنادیا گیا، کل اگر سیاسی رہنما غدار، قومی سلامتی کے لیے خطرہ اور سیکورٹی رسک تھے تو آج بھی انہی الزامات کی جگالی کی جارہی ہے، سیاسی مسائل کو بات چیت، مذاکرات اور افہام و تفہیم سے حل کرنے کے بجائے طاقت کا بے جا استعمال کیا جارہا ہے، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے آج بھی محرومی کا احساس جنم لے رہا ہے، جو فضا ہموار کی گئی ہے اس کے باعث ملک کی سلامتی، بقا، خود مختاری اس کا نظریاتی اور جداگانہ تشخص بری طرح مجروح ہورہا ہے۔ بلاشبہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ اربابِ اختیار اس سانحے کے اسباب و وجوہات پر غور کرنے اور اسے شعور سے گزارنے کے لیے تیار نہیں، بحیثیت مجموعی یہ بات بھی اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ قدرت انفرادی لغزش کو تو نظر انداز کردیتی ہے، مگر اجتماعی غفلت کا انجام ٹلتا نہیں۔ ہمیں بحیثیت قوم اس سانحے سے سبق لینے کی ضرورت ہے۔سقوط ڈھاکہ ہماری قومی تاریخ کا وہ سیاہ ترین باب ہے جو ملک کی سلامتی کے تحفظ و دفاع کے حوالے سے ہماری انتظامی، سیاسی اور عسکری قیادت سے آئندہ ایسی کسی سفاک غلطی کا اعادہ نہ ہونے دینے کا ہمہ وقت متقاضی رہتا ہے۔
