27

کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کی خاموشی برقرار، تجاوزات کے خلاف محدود کارروائی



صدر روڈ پر ایک دکان مسمار، شہریوں نے مستقل آپریشن کا مطالبہ کر دیا

بلڈنگ کنٹرول سیل انچارج نوید کا دوٹوک مؤقف،کینٹ ایریا میں تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی

سپر چیکر بلال خان کا انتباہ، تجاوزات پر زیرو ٹالرنس، مستقل مانیٹرنگ اور سخت کارروائی کا آغاز

کوئی بھی چاہے تو شواہد کے ساتھ اپنا موقف دے سکتا ہے جسکو ادارہ اپنی غیر جانبدرانہ پالیسی کے مطابق مناسب جگہ فراہم کرے گا

راولپنڈی (مدثر الیاس کیانی)
کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کی حدود میں غیرقانونی تجاوزات اور بغیر اجازت قائم مارکیٹوں کے حوالے سے خبر شائع ہونے کے بعد اگرچہ مجموعی طور پر انتظامیہ کی خاموشی برقرار ہے، تاہم محدود پیمانے پر چند مقامات پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے،جسے شہری حلقوں کی جانب سے ناکافی اور علامتی قرار دیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق صدر روڈ پر تہذیب بیکری کے سامنے قائم لنڈے والی غیرقانونی دکان کو کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے مسمار کر دیا گیا۔کارروائی کی نگرانی انچارج بلڈنگ کنٹرول سیل نوید اور سپر چیکر بلال خان نے کی، جس دوران غیرقانونی شٹر توڑ دیے گئے اور تجاوزات ہٹا کر علاقہ کلیئر کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ تجاوزات کے باعث نہ صرف پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا بلکہ ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہو رہی تھی۔ کارروائی کے بعد شہریوں نے وقتی ریلیف کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بلا تفریق اور مستقل بنیادوں پر تجاوزات کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے۔اس موقع پر انچارج بلڈنگ کنٹرول سیل نوید نے کہا کہ کینٹ ایریا میں کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کوئٹہ کیفے سمیت کنٹونمنٹ کی دیگر جگہوں پر قائم ناجائز قبضوں کو بھی قانونی طریقہ کار کے تحت جلد ختم کیا جائے گا۔سپر چیکر بلال خان کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کے لیے مستقل مانیٹرنگ کا نظام ترتیب دیا جا رہا ہے تاکہ دوبارہ قبضے قائم نہ ہو سکیں۔ انہوں نے تاجر برادری کو خبردار کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔کنٹونمنٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کیفے کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، تاہم اس کے لیے دو سے تین دن کی مہلت مانگی گئی ہے۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ ایک مقام پر کارروائی خوش آئند ہے، مگر صدر روڈ اور کنٹونمنٹ کے دیگر علاقوں میں اب بھی متعدد غیرقانونی دکانیں، شیڈز اور تجاوزات موجود ہیں،جو قوانین کے غیر مساوی نفاذ کی واضح مثال ہیں۔علاقہ مکینوں نے ڈائریکٹر ریجن راولپنڈی، اسٹیشن کمانڈر راولپنڈی اور ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات میں ملوث عناصر اور فرائض میں غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف سخت، شفاف اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے تاکہ کنٹونمنٹ انتظامیہ کی ساکھ بحال ہو سکے۔کوئی بھی چاہے تو شواہد کے ساتھ اپنا موقف دے سکتا ہے جسکو ادارہ اپنی غیر جانبدرانہ پالیسی کے مطابق مناسب جگہ فراہم کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں