
ڈی ایس ریلوے انعام اللہ نے نیشنل گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔
پاکستان ریلوے میں سپورٹس کی ترقی اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ڈی ایس ریلوے نام اللہ
لاہور (پریس ریلیز) 35 ویں نیشنل گیمز میں پاکستان ریلوے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 گولڈ میڈلز سمیت مجموعی طور پر 27 میڈلز اپنے نام کر لیے۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ نے نیشنل گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا اور ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر غلام مرتضیٰ اور سپورٹس انچارج ندیم اقبال بٹ بھی موجود تھے۔
پاکستان ریلوے نے رسہ کشی کے مقابلوں میں 2 گولڈ اور ایک سلور میڈل حاصل کیا۔ ریسلنگ میں ایک سلور جبکہ چار براون میڈلز جیتے۔ روئنگ (انڈور) میں پاکستان ریلوے نے ایک گولڈ میڈل اپنے نام کیا جبکہ جوڈو میں 2 براون میڈلز جیتے۔ تائیکوانڈو میں 2 سلور جبکہ 3 براون میڈل جیتے۔ پاکستان ریلوے کی نمائندگی کرنے والے نمایاں کھلاڑیوں اور کوچز میں ریسلنگ و رسہ کشی کے کوچ محمد یوسف، روئنگ گولڈ میڈلسٹ عادل، تائیکوانڈو چیمپئن قیوم چنگیزی، روئنگ کوچ حاجی ارشد، محمد عمران، رزاق حیدر اور محمد ذیشان شامل ہیں۔
نیشنل گیمز کراچی میں شرکت کرنے والے پاکستان ریلوے کے کھلاڑیوں نے ڈویژنل کمرشل آفیسر عبداللہ ارشد سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے موقع پر ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فٹنس کے لیے متوازن غذا کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھا کھلاڑی ہمیشہ نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتا ہے۔ ڈی ایس ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی سپورٹس میں ایک سنہری تاریخ ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر بھی کھیلوں میں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور پاکستان ریلوے کو سپورٹس کے میدان میں مزید کامیابیاں عطا فرمائے اور اس تسلسل کو برقرار رکھے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان ریلوے میں سپورٹس کی ترقی اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
آخر میں کھلاڑیوں نے ڈی ایس ریلوے اور افسران کا شکریہ ادا کیا۔