لاہور سمیت پورا ملک شدید معاشی، سماجی اور انتظامی بحران کا شکار ہے۔
کاہنہ فلائی اوور شہر لاہور کا واحد فلائی اوور ہے جس پر ٹول ٹیکس لگایا گیا ہے ۔
مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور بدانتظامی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا حکومت پنجاب سے مطالبہ
لاہور (عمرحیات چوہدری)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ کاہنہ فلائی اوور پر عائد ٹول ٹیکس فوری طور پر ختم کیا جائے، کیونکہ یہ اقدام عوام کے ساتھ ناانصافی اور ٹول ٹیکس کے نام پر بھتہ خوری کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پورا ملک شدید معاشی، سماجی اور انتظامی بحران سے دوچار ہے، ایسے حالات میں عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنا سراسر ظلم ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی بلند ترین سطح، بڑھتی ہوئی بے روزگاری، بجلی و گیس کے ہوشربا بلوں اور ناقص حکومتی انتظامات نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایسے میں شہریوں سے روزمرہ آمد و رفت کے لیے ٹول ٹیکس وصول کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ ضیاء الدین انصاری نے نشاندہی کی کہ کاہنہ فلائی اوور لاہور کا واحد فلائی اوور ہے جہاں ٹول ٹیکس عائد کیا گیا ہے، جو امتیازی سلوک کی واضح مثال ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر شہر کے دیگر فلائی اوورز اور انڈرپاسز ٹول فری ہیں تو کاہنہ فلائی اوور پر شہریوں کو کیوں لوٹا جا رہا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا اولین فرض عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، نہ کہ انہیں مزید مشکلات میں دھکیلنا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس فوری طور پر ختم کر کے شہریوں کو سہولت دی جائے اور عوام دشمن فیصلوں پر نظرثانی کی جائے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے خبردار کیا کہ اگر عوامی مطالبات کو نظرانداز کیا گیا تو جماعت اسلامی شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی اور جمہوری راستہ اختیار کرے گی۔
