
ریفرنڈم میں ہر شہری، طلبہ، وکلاء، تاجر برادری اور سول سوسائٹی بلا تفریق حصہ لے گی۔
پنجاب حکومتی چاہتی ہے کہ سینٹ کے بعد ہارس ٹریڈنگ گلی محلوں میں بھی شروع ہوجائے ۔
جماعت اسلامی اس عوام دشمن قانون کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی ،جدوجہد جاری رہے گی۔
جماعت اسلامی کے عوامی ریفرنڈم کی تیاریاں مکمل، 15 تا 18 جنوری تک لاہور و پنجاب بھر میں انعقاد ہوگا۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا پریس کانفرنس سے خطاب
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے سید مودودی انسٹی ٹیوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کے بلدیاتی ایکٹ کے کالے قانون کے خلاف عوامی ریفرنڈم کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ یہ ریفرنڈم 15 تا 18 جنوری 2026 تک لاہور سمیت پنجاب بھر میں منعقد ہوگا۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ ریفرنڈم کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ عوام کے حق حکمرانی اور مقامی جمہوریت کے تحفظ کی جدوجہد ہے۔پنجاب حکومتی چاہتی ہے کہ سینٹ کے بعد ہارس ٹریڈنگ گلی محلوں میں بھی شروع ہوجائے ۔ اس ریفرنڈم میں ہر شہری، طلبہ، وکلاء، تاجر برادری اور سول سوسائٹی بلا تفریق حصہ لے گی۔ پریس کانفرنس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امیر چوہدری محمد شوکت، کنونیئر پبلک ایڈ کمیٹی قیصر شریف، اور امیدوار پی پی-167 چوہدری عبدالقیوم گجربھی موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نکلیں اور اپنی رائے کا بھرپور اظہار کریں تاکہ حکومت کو واضح پیغام دیا جا سکے کہ عوام اپنی مرضی کے خلاف مسلط کیے گئے قوانین کو مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ بلدیاتی قانون عوام کے حق نمائندگی پر ڈاکہ اور مقامی حکومتوں کو مفلوج کرنے کی سازش ہے۔ جماعت اسلامی اس عوام دشمن قانون کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی اور جب تک حکومت اسے سب کے لیے قابل قبول نہیں بناتی، جدوجہد جاری رہے گی۔عوامی ریفرنڈم کے لیے بیلٹ باکس بڑی تعداد میں تیار کر لیے گئے ہیں جبکہ صوبے بھر میں ہر اہم چوک، چوراہے، بازار اور مصروف عوامی مقامات پر پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری آسانی سے اپنی رائے کا اظہار کر سکیں۔ خواتین کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے علیحدہ پولنگ پوائنٹس اور رضاکار خواتین کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل، بااختیار بلدیاتی نظام اور حقیقی جمہوریت کے قیام تک اپنی آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔