ٹرین میں ناقص صفائی ستھرائی انتظامات پر متعلقہ اسٹاف کی سرزنش بھی کی گئی
لاہور (عمرحیات چوہدری) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ کی ہدایت پر ڈویژنل کمرشل آفیسر عبداللہ ارشد نے علامہ اقبال ایکسپریس ٹرین پر اچانک چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران 50 بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کو جرمانے کیے گئے۔ کارروائی کے دوران بغیر ٹکٹ مسافروں سے 57,450 روپے کرایہ جبکہ 8,750 روپے بطور جرمانہ وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروا دیے گئے۔ یہ خصوصی کارروائی سیالکوٹ سے کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس ٹرین پر لاہور سے رائیونڈ کے درمیان عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر کمرشل انسپیکٹر محمد اکبر گجر اور اسپیشل ٹکٹ چیکنگ گروپ بھی ڈی سی او ریلوے کے ہمراہ موجود تھا۔
ڈی سی او ریلوے نے ٹرین میں فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور واش رومز میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر متعلقہ عملے کی سرزنش کی گئی اور انہیں سختی سے ہدایت کی گئی کہ آئندہ کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر مسافروں کی سہولیات میں بہتری کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ ڈی سی او ریلوے نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے وژن اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے انعام اللہ کی ہدایات کے مطابق مسافروں کو بہتر، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
