26

ڈی ایس ریلوے لاہور کی ٹرینی اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرز سے ملاقات

سول انجینئرنگ شعبے کی اہمیت اور سکوپ سے متعلق جامع گفتگو کی گئی۔

لاہور (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ نے ریلوے والٹن اکیڈمی میں زیرِ تربیت ٹرینی اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر 22 ٹرینی اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرز نے لاہور ڈویژن کا مطالعاتی دورہ بھی کیا۔ ملاقات میں ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئرز عبدالرحمان اور غلام مرتضیٰ بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران ٹرینی افسران نے ڈی ایس ریلوے لاہور کو اپنی متعلقہ انجینئرنگ فیلڈز میں مہارتوں اور تجربات سے متعلق بتایا۔ اس موقع پر ٹرینی انجینئرز کو پاکستان ریلوے میں سول انجینئرنگ کے شعبے کی ترقی، موجودہ کردار اور مستقبل کے چیلنجز کے بارے بھی بتایا گیا۔ ٹرینی انجینئرز کو لاہور ڈویژن میں جاری سول انجینئرنگ منصوبوں، ٹریک مینٹیننس، لیول کراسنگز، ریلوے پلوں اور دیگر انجینئرنگ ورکس سے متعلق بھی آگاہی دی گئی اور ساتھ ہی ساتھ لاہور ڈویژن کے سول انجینئرنگ انفراسٹرکچر کا اوورویو بھی دیا گیا۔

اس موقع پر ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ نے ٹرینی انجینئرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ایک کامیاب افسر کے لیے تکنیکی مہارت کے ساتھ ساتھ مضبوط ایڈمنسٹریٹو اسکلز کا ہونا بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹرینی انجینئرز اپنی پوسٹنگ کے بعد محنت، لگن اور دیانت داری کے ساتھ کام کرتے ہوئے پاکستان ریلوے کے انجینئرنگ شعبے کی بہتری اور ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔

آخر میں ٹرینی انجینئرز نے قیمتی آراء اور حوصلہ افزائی پر ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں