وزیر داخلہ نے نئے کنونشن سنٹر کی مجوزہ جگہ کا معائنہ کیا، مجوزہ جگہ پر ہر قسم کے غیر قانونی قبضے کو ختم کیا جائے،غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے کا حکم۔ محسن نقوی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت میں بین الاقوامی معیار کا نیا کنونشن سنٹر تعمیر کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مری روڈ، بہارہ کہو بائی پاس کے قریب نئے کنونشن سنٹر کی مجوزہ جگہ کا معائنہ کیا اور فوری احکامات جاری کیے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ نئے کنونشن سنٹر کی مجوزہ جگہ پر موجود ہر قسم کے غیر قانونی قبضے کو ختم کیا جائے اور قابضین کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے تمام غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کا حکم دیا اور واضح کیا کہ قابضین کو کسی قسم کی رعایت یا معاوضہ نہیں دیا جائے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی حکومت کا عزم ہے، اور اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں ایس سی او سمٹ سمیت دیگر بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد میں سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی ساکھ بڑھانے میں معاون ہوگا۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، جنہوں نے منصوبے کی پیش رفت اور مجوزہ جگہ کے معائنے میں حصہ لیا۔ حکام نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ منصوبے کی تعمیر کے لیے تمام ضروری انتظامی اقدامات جلد مکمل کیے جائیں گے اور مقامی رہائشیوں یا تجارتی سرگرمیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئے گی۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مجوزہ جگہ پر تمام قانونی اور انتظامی اقدامات فوری طور پر مکمل کیے جائیں تاکہ نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر میں کوئی تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے اسلام آباد میں جدید اور عالمی معیار کی کانفرنسنگ سہولیات دستیاب ہوں گی، جو ملکی اور بین الاقوامی تقریبات کے انعقاد میں معاون ثابت ہوں گی۔



