11

کشمیر و فلسطین ایک ہی مظلوم داستان، امت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا۔


یومِ یکجہتیٔ کشمیر لاہور بار میں سیمینار، فلسطین پیس بورڈ میں شرکت کی شدید مذمت


حکومت پاکستان کا اسرائیل سے کسی بھی قسم کا تعلق ملتِ اسلامیہ سے غداری ہے۔


امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا یومِ یکجہتیٔ کشمیرسیمینار سے خطاب

لاہور(عمرحیات چوہدری)لاہور بار ایسوسی ایشن ، کشمیر سنٹر لاہور ( جموں و کشمیر لبریشن سیل ) کے زیر اہتمام یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے حوالے سے سیمینار منعقد ہوا، جس سے امیر جماعتِ اسلامی لاہورضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے عالمی برادری کی خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ نے وزیراعظم کی جانب سے فلسطین پیس بورڈ میں شرکت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی کسی بھی حوالے سے مدد نہ صرف پاکستان بلکہ پوری ملتِ اسلامیہ سے غداری کے مترادف ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم نظریۂ پاکستان کے خلاف کسی بھی اقدام کو ہرگز قبول نہیں کرے گی۔امیر لاہور نے مزید کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے عوام پر ہونے والے مظالم عالمی طاقتوں کے دوہرے معیار کو بے نقاب کرتے ہیں اور وقت آ گیا ہے کہ امتِ مسلمہ مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے وکلا برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حق و انصاف کی جدوجہد میں وکلا ہمیشہ صفِ اول میں رہے ہیں۔سیمینار کی صدارت عرفان حیات باجوہ، صدر لاہور بار ایسوسی ایشن نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وکلا برادری کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ سیمینار میں وکلا، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں