ریکارڈ ریکوری حاصل کر کے ادارے کی 34 سالہ تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے: منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان فیصل شوکت
ڈائریکٹر ریکوری محمد سعید ڈوگر کی سربراہی میں شعبہ ریکوری نے مختصر عرصے میں مؤثر حکمت عملی کام کر گئی

ملتان (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن، صوبائی وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین، سیکرٹری اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب نور الامین مینگل کی خصوصی ہدایات اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب واساز کی پالیسی کے مطابق واسا ملتان میں عوامی خدمت، سیوریج اور واٹر سپلائی کے بلوں کی وصولی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے سلسلے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔ انہی اقدامات کے تسلسل میں واسا ملتان نے ماہ جون 2026 کے دوران 28 کروڑ روپے کی ریکارڈ ریکوری حاصل کر کے ادارے کی 34 سالہ تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان فیصل شوکت نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر ریکوری محمد سعید ڈوگر کی سربراہی میں شعبہ ریکوری نے مختصر عرصے میں مؤثر حکمت عملی، سخت مانیٹرنگ اور بھرپور فیلڈ آپریشن کے ذریعے ریکوری میں غیر معمولی اضافہ ممکن بنایا، جس کے نتیجے میں جون 2026 کے دوران ریکارڈ ریکوری کو ممکن بنایا گیا ہے۔ انہوں نے اس شاندار کامیابی پر ڈائریکٹر ریکوری، تمام ریکوری افسران، سرکل انچارجز اور فیلڈ عملے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری ٹیم کی محنت، دیانتداری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عوامی خدمت کے جذبے کا ثمر ہے۔
ایم ڈی واسا نے کہا ہے کہ مالی استحکام کسی بھی ادارے کی مضبوطی کی بنیاد ہوتا ہے اور ریکارڈ ریکوری سے واسا کی مالی استعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں شہریوں کو فراہمی آب، نکاسی آب کی بہتر فعالیت اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی مزید مؤثر انداز میں یقینی بنائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کو مالی خود انحصاری کی جانب گامزن کرنے کے لیے ریکوری مہم کو مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو معیاری اور بلا تعطل خدمات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری،کموشل و نجی اداروں سمیت تمام نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ سیوریج اور واٹر سپلائی بلوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں ڈسکنکشن، ریکوری اور قانونی کارروائی سمیت تمام دستیاب آپشنز استعمال کیے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا سستی ہرگز برداشت نہ کی جائے۔اس موقع پر ڈائریکٹر ریکوری محمد سعید ڈوگر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریکارڈ ریکوری ٹیم ورک، ریکوری حکمت عملی، روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ، فیلڈ ٹیموں کی مؤثر نگرانی اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ریکوری افسران اور سرکل انچارجز کو روزانہ کی بنیاد پر اہداف دیے جا رہے ہیں جبکہ ان کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکنکشن مہم کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے اور بڑے نادہندگان سے واجبات کی وصولی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے واسا صارفین سے اپیل کی کہ وہ اپنے سیوریج اور واٹر سپلائی بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ ریکوری مہم کے دوران ڈسکنکشن یا دیگر قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت بلوں کی ادائیگی نہ صرف ایک ذمہ دار شہری ہونے کا تقاضا ہے بلکہ اس سے واسا ملتان کو شہریوں کے لیے نکاسی آب، فراہمی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کو مزید بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔