پاکستان میں ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی ملک کی سب سے بڑی کمپنی جاز (Jazz) نے ملک بھر میں اپنی نیٹ ورک اپگریڈیشن اور 5G سروسز کے آغاز کے لیے بڑے پیمانے پر منصوبہ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ صارفین کو بہتر اور تیز رفتار انٹرنیٹ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
لاہور (عمرحیات چوہدری) جاز کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کمپنی نے وسط اگست 2026 تک ملک بھر میں ایک ہزار (1,000) نیٹ ورک سائٹس کو 5G ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس کے علاوہ سال 2026 کے اختتام تک مجموعی طور پر ڈھائی ہزار (2,500) نیٹ ورک سائٹس کو جدید 5G نیٹ ورک کا حصہ بنانے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس بڑے انفراسٹرکچر منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اسی مقصد کے لیے جدید ترین ٹیلی کام آلات کی درآمد بھی شروع کر دی گئی ہے۔ جاز کے مطابق جدید آلات کی تنصیب کے بعد نیٹ ورک کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور صارفین کو زیادہ تیز، مستحکم اور بہتر معیار کی انٹرنیٹ سروسز میسر ہوں گی۔