46

شہباز شریف نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو الیکشن کمیشن کےاختیارات پرحملہ قرار دے دیا

شہباز شریف نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو الیکشن کمیشن کےاختیارات پرحملہ قرار دے دیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو الیکشن کمیشن کے اختیارات پر حملہ قرار دے دیا۔

کراچی میں مسلم لیگ ن کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے  کہا کہ پشاور ہائیکورٹ ایک صوبے کی عدالت ہے، وہ پورے ملک کا فیصلہ کیسے دے سکتی ہے؟ ایسا لگ رہا ہے کہ انصاف کا ترازو لاڈلے کی طرف جھکایا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹراپارٹی الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن نے حقائق پر مبنی فیصلہ دیا تھا، پشاور ہائیکورٹ کا پارٹی نشان سے متعلق فیصلہ آیا ہے، اس پر بات کرنا چاہتا ہوں۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ صوبے کی ہائیکورٹ ہے کیسے پاکستان بھر کے معاملے کا فیصلہ دے سکتی ہے، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے اختیارات پر حملے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم عدالت سے انصاف کی توقع کرتی ہے، انصاف کے ترازو کو ایک لاڈلے کی طرف جھکایا جا رہا ہے، ایک لاڈلے کو مسلط کرکے معیشت تباہ کر دی گئی تھی، ہم نے 18 ماہ کی شبانہ روز محنت سے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، پاکستان ڈیفالٹ کرجاتا تو انتہائی خوفناک صورتحال ہوتی۔

سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اتحادی حکومت کی عزت بچائی اور ریاست بچائی، چار سال ملک کو نقصان پہنچایا گیا، دوست ممالک سے تعلقات خراب کیے گئے، لاڈلہ کون ہے جس کو عدالت عظمیٰ میں ’گڈ ٹو سی یو‘ اور ’وش یو گڈ لک‘ کہا جاتا ہے، جو فوجی تنصیبات پر حملے کروائے اس کو ’گڈ ٹو سی یو‘ کہا گیا، اس کو جس طریقے سے سہولتیں دی جا رہی ہیں یہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ  کراچی میں ڈھائی کروڑ لوگ بستے ہیں، کسی شہر کو سب سے پہلے گرین لائن کی ضرورت تھی تو وہ کراچی ہے، افسوس ہے کہ آج بھی کراچی میں ٹینکر مافیا کا راج ہے، کراچی سب سے زیادہ کماتا ہے وہاں ٹینکر مافیا کا راج بدقسمتی ہے۔

صدر مسلم لیگ ن  نے یہ بھی کہا کہ  پارٹی میں شمولیت پر سب کو خوش آمدید کہتا ہوں، ن لیگ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں سب کو ساتھ لیکر چلے گی، بشیر میمن اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، سندھ سے بڑی تعداد میں دوستوں نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن دوبارہ ایک اچھی اور طاقتور جماعت بننے جا رہی ہے، الیکشن میں ہار جیت اللّٰہ کے ہاتھ میں ہے ہم نے محنت کرنی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں