18

اعزازی قونصل جنرل اور مشیر سرمایہ کاری بورڈ کا اظہار افسوس

جاپان میں زلزلہ: اعزازی قونصل جنرل اور مشیر سرمایہ کاری بورڈ کا اظہار افسوس

جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ اور مشیر سرمایہ کاری بورڈ حکومت پاکستان سید فیروز عالم شاہ نے جاپان کے وسطی علاقے میں 7.5 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع اور بھاری مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہولناک زلزلے سے ہلاک افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام جاپانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ اور مشیر سرمایہ کاری بورڈ حکومت پاکستان سید فیروز عالم شاہ کا کہنا تھا کہ جاپان میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہیں اور غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت اور تمام زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔

پاکستان میں زلزلہ ہو یا سیلاب مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ جاپان کی حکومت اور عوام نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا ہے، اس ناگہانی مصیبت کی گھڑی میں پوری پاکستانی قوم جاپانی عوام کو ہرگز اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

مشیر سرمایہ کاری بورڈ حکومت پاکستان سید فیروز عالم شاہ کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی کے بڑھتے واقعات پوری دنیا کےلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی کسی ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں، جاپان کے بہادر عوام اپنے روایتی عزم اور برداشت سے اس سانحہ کا مقابلہ کریں گے، پاکستانی قوم کی دعائیں بہادر جاپانی عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں