انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کا 9 مئی سے متعلق 12 مقدمات میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ہی تفتیش کرنے کا حکم سنایا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی کے 12 مقدمات کی سماعت ہوئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کے جج ملک اعجاز آصف نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر 9 مئی مقدمات کے تفتیشی افسران عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت پولیس نے راولپنڈی میں درج 12 مقدمات میں 30 روزہ جسمانی ریمانڈکی استدعا کی، اس پر وکلاء صفائی نے ریمانڈ دینے کی مخالفت میں دلائل مکمل کیے۔
اے ٹی سی راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا، جس کے بعد جج اور عدالتی عملہ اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئے۔
اڈیالہ جیل میں 9 مئی مقدمات کی آج کی سماعت مکمل ہونے پر تفتیشی افسران بھی دہشت گردی عدالت سے چلے گئے۔