حکمران کفایت شعاری کے نام پر عوام کو بیوقوف بنانا بند کریں۔جبران بٹ
حکومت پنجاب 11 ارب روپے مالیت کا طیارہ فروخت کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی ہوشربا مہنگائی اور حکمرانوں کی شاہ خرچیوں کی شدید الفاظ میں مذمت
صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ کا مال روڈ پر حکومت کے مہنگائی اور کفایت شعاری کے نام نہاد اقدامات کیخلاف احتجاجی مظاہرہ سے خطاب

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے ملک میں بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی اور حکمرانوں کی شاہ خرچیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ حکمران طبقہ اپنی طرزِ زندگی میں سادگی اور کفائت شعاری کو فروغ دے۔وزیر اعلی پنجاب اپنا گیارہ ارب طیارہ اور چیئرمین سینٹ 9 کروڑ کی اپنے گاڑی بیج کر عوام کیلئے رول ماڈل بنیں اور یہ پیسہ عوام کو ریلیف میں لگایا جائے ۔ عوام پہلے ہی مہنگائی اور مالی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں حکمرانوں پر لازم ہے کہ وہ ذاتی اخراجات اور غیر ضروری عیاشیوں کو محدود کریں۔ریاستی وسائل عوام کی امانت ہوتے ہیں، لہٰذا ان کا استعمال ذمہ داری اور شفافیت کے ساتھ ہونا چاہیے۔ حکمران اگر سادگی، دیانتداری اور کفایت شعاری کی مثال قائم کریں گے تو نہ صرف عوام کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ معاشی استحکام کی جانب بھی مثبت پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔
صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ نے مال روڈ پر مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ حکمران کفایت شعاری کے نام پر عوام کو بیوقوف بنانا بند کریں۔ پٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جبکہ سبزیاں، دالیں اور دیگر اشیائے ضروریہ عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ غریب عوام فاقوں پر مجبور ہو چکے ہیں اور ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں۔ مہنگائی مافیا عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت محض دعوؤں اور وعدوں تک محدود ہے جبکہ عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ جماعت اسلامی اس مشکل وقت میں عوام کی آواز بن کر میدان میں آئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا طیارہ اور چیئرمین سینیٹ کی گاڑی فوری فروخت کر کے حاصل ہونے والی رقم عوامی فلاح پر خرچ کی جائے۔جبران بٹ نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے تو جماعت اسلامی لاہور میں اپنی جدوجہد کا دائرہ مزید وسیع کرے گی اور عوام کو منظم کرنے کے لیے گراس روٹ سطح پر مہم شروع کرے گی۔
احتجاجی مظاہرے میں ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور عامر نثار خان ، سیکرٹری جے آئی یوتھ حمزہ بلال سمیت نوجوانوں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین نے حکومت کی شاہ خرچیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کفایت شعاری کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے کی مذمت کی۔ احتجاج کے دوران مطالبہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب 11 ارب روپے مالیت کا طیارہ فروخت کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کی 9 کروڑ روپے مالیت کی گاڑی فروخت کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ مظاہرین نے عام آدمی کے لیے پٹرول کی قیمتوں میں کمی اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔