5

ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ کا وزیر آباد یارڈ کا معائنہ: سیفٹی کے حوالے سے ہدایات جاری

ریک کی ہر طرح سے فٹنس کے بغیر کوئی ٹرین نہ چلائی جائے، خلاف ورزی کی صورت میں سختی سے نمٹا جائے گا۔ ڈی ایس ریلوے انعام اللہ

لاہور (عمرحیات چوہدری) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ نے وزیرآباد یارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ریلوے آپریشنز اور بالخصوص سیفٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیفٹی سے متعلق پرماننٹ وے انسپکٹر، سگنل اینڈ انٹرلاکنگ انسپکٹر، ہیڈ ٹرین ایگزامینر اور اسٹیشن ماسٹر سمیت دیگر عملے کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔

ڈی ایس ریلوے نے وزیرآباد یارڈ میں تمام پوائنٹس، کراسنگز، کانٹوں اور کیبنز کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور متعلقہ افسران و انسپیکٹرز کو ہدایت کی کہ سیفٹی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور سیفٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے 100 فیصد نتائج حاصل کیے جائیں۔

ڈی ایس ریلوے لاہور نے وفاقی وزیر کے احکامات کے حوالے سے کہا کہ ڈی سی او، ڈی ای ای پاور اور ڈی ایم ای روانگی سے قبل ٹرینوں کے ریکس کی فٹنس،سیفٹی اور مسافر سہولیات کے حوالے سے انسپیکشن کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریک کی ہر طرح سے فٹنس کو یقینی بنائے بغیر کوئی ٹرین نہ چلائی جائے، بصورت دیگر کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس موقع پر ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایات کی روشنی میں بہتر سفری سہولیات کے ساتھ سیف ٹرین آپریشن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور مسافروں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح کے طور پر مقدم رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں