اتحادِ امت ہی وہ راستہ ہے جو نہ صرف موجودہ چیلنجز کا حل پیش کرتا ہے ۔
باہمی اتحاد، مشترکہ حکمت عملی اور مضبوط سفارتکاری ہی دیرپا استحکام کی ضمانت بن سکتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ
لاہور (عمرحیات چوہدری) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے برداری تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کو خطے کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے جنگ میں سپر طاقت اور فرعونیت کو زمین بوس کر کے اپنی خودمختاری اور قومی وقار کا بھرپور دفاع کیا، جو پوری امت مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا میں اتحاد و یکجہتی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور ایران کی حالیہ استقامت نے اس حقیقت کو مزید اجاگر کر دیا ہے۔ خطے کی بدلتی صورتحال میں پاکستان کی سفارتی کاوشیں قابل تحسین ہیں، جن کی بدولت امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ عالمی طاقتوں، بالخصوص امریکہ، کی جانب سے دباؤ اور بالادستی کی کوششوں کے باوجود ایران نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ یہ صورتحال امت مسلمہ کے لیے واضح پیغام ہے کہ باہمی اتحاد، مشترکہ حکمت عملی اور مضبوط سفارتکاری ہی دیرپا استحکام کی ضمانت بن سکتی ہے۔انہوں نے عرب ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکہ و یورپ پر انحصار کی پالیسی ترک کریں اور خود انحصاری کے ساتھ امت کے اجتماعی مفادات کو ترجیح دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام مسلم ممالک کو اختلافات پسِ پشت ڈال کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا تاکہ عالمی سطح پر اپنے مفادات کا مؤثر دفاع کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اتحادِ امت ہی وہ راستہ ہے جو نہ صرف موجودہ چیلنجز کا حل پیش کرتا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور مستحکم مستقبل کی بنیاد بھی فراہم کرتا ہے۔



