3

ٔجماعت اسلامی لاہور کا بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ، کسی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوگی: ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ



لاہور کی تمام 433 یونین کونسلز میں جماعت کے امیدوار میدان میں اتاریں گے، انتخابات میں تاخیر کی ہر کوشش کی مزاحمت کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا لاہور کی زمہ داریاں کے اجلاس سے خطاب


لاہور ( عمرحیات چوہدری ) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں لاہور کی تمام 433 یونین کونسلز اور 9 ٹاؤنز میں اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی اور کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا انتخابی اتحاد نہیں کرے گی۔ جماعت اسلامی نے بلدیاتی ایکٹ کی منظوری کے پہلے دن سے ہی انتخابات کی تیاریاں شروع کر رکھی ہیں اور اپنے انتخابی منشور اور تنظیمی قوت کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے ایک اہم تنظیمی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں، تنظیمی امور اور انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی جمہوریت کے استحکام، عوامی حقوق کے تحفظ اور بااختیار بلدیاتی نظام کے قیام کے لیے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ ضیاءالدین انصاری نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے اصولی مؤقف کے مطابق انتخابی میدان میں اترے گی اور کسی دوسری جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ کے 2018ء کے فیصلے کے مطابق پارٹی اپنے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے گی اور عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ایکٹ کی بعض متنازعہ شقوں کے خلاف جماعت اسلامی پہلے ہی عدالتوں سے رجوع کر چکی ہے۔ جماعت اسلامی بلدیاتی نظام کو شفاف، مؤثر اور عوامی امنگوں کے مطابق بنانے کے لیے اپنی قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے دیگر سیاسی جماعتوں کے ناراض کارکنان اور امیدواروں کو بھی جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دیانتدار، باوقار اور مخلص افراد جماعت اسلامی کے ضوابط پر پورا اترنے کی صورت میں پارٹی کے پلیٹ فارم سے انتخابی عمل میں شریک ہو سکتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات کو التواء کا شکار کرنے کی کسی بھی کوشش کی مزاحمت کی جائے گی۔ جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد عوام کو نچلی سطح پر بااختیار بنانے اور مقامی مسائل کے حل کے لیے ناگزیر ہے۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء خالد احمد بٹ، انجینئر اخلاق احمد، چوہدری محمد شوکت اور ملک شاہد اسلم سمیت لاہور کے تمام اضلاع کے امراء و سیکرٹریز، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر و سیکرٹری اور دیگر تنظیمی ذمہ داران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں