10

ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ کا چیف انجینئر سگنل ارشاد الحق کے ہمراہ لاہور کینٹ ریلوے اسٹیشن کا دورہ


جدید سگنلنگ سسٹم، ٹریک کے ساتھ رابطہ کاری اور کمپیوٹر بیسڈ انٹرلاکنگ (CBI) سسٹم کی تنصیب و فعالیت کا جائزہ لیا گیا۔

لاہور (عمرحیات چوہدری) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ نے چیف انجینئر سگنل ارشاد الحق کے ہمراہ لاہور کینٹ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا جہاں جدید سگنلنگ سسٹم، ٹریک کے ساتھ رابطہ کاری اور کمپیوٹر بیسڈ انٹرلاکنگ (CBI) سسٹم کی تنصیب و فعالیت سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ لاہور کینٹ ریلوے اسٹیشن پر کمپیوٹر بیسڈ انٹرلاکنگ (CBI) سسٹم کی تنصیب اور ٹیسٹنگ کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے جبکہ سسٹم کو 21 اکتوبر 2026 کو آزمائشی آپریشن کے لیے کھول دیا گیا جو ریلوے کے جدید سگنلنگ نظام کی بہتری اور ٹرین آپریشنز کو مزید محفوظ بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
ابتدائی آپریشنل ٹرائلز کے دوران خیبر میل، جعفر ایکسپریس اور قراقرم  ٹرینیں سگنلنگ سسٹم سے بحفاظت گزریں۔ جس سے سسٹم کی عملی فعالیت اور آپریشنل تیاری کا جائزہ لینے میں مدد ملی۔
یہ اہم کامیابی ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر سگنلز (شاہدرہ-لودھراں) سیکشن ارشاد الحق کی قیادت و معاونت سے متعلقہ افسران اور ڈویژنل ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
دورے کے دوران جدید سگنلنگ سسٹم اور ریلوے ٹریک کے ساتھ اس کی رابطہ کاری کی اہمیت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر پرنسپل افسران کا کہنا تھا کہ کمپیوٹر بیسڈ انٹرلاکنگ سسٹم کی کامیاب تنصیب اور آزمائشی آپریشن سے ٹرینوں کی محفوظ آمدورفت، سگنلنگ کے نظام کی قابلِ اعتماد کارکردگی اور مجموعی آپریشنل استعداد میں بہتری کی توقع ہے۔
واضح رہے پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے اور مسافروں کو محفوظ و بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈی ایس ریلوے جواد احمد قاضی، ڈی ای این فرحت عباس فخری، ڈی ایس ای ندیم اقبال خٹک ڈی کے علاوہ دیگر افسران و عملہ بھی موجود تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں