34

پاکستانی کلب کی شرکت کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اگلے سال شیڈولڈ پہلی ساف کلب فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستانی کلب کی شرکت کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی ایونٹ کےلیے کلب کو نامزد کرنے کی کوششوں پر کلبز کی جانب سے حوصلہ افزا جواب نہیں ملا۔

ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر پہلی ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (ساف) کلب فٹبال چیمپئن شپ جون 2024 میں شیڈول ہے۔

ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن نے 8 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ کےلیے پاکستان کو بھی کلب بھیجنے کی دعوت دی تھی۔ 

ملک میں ڈومیسٹک فٹبال کی معطلی کی وجہ سے پی ایف ایف نے پاکستان لیگ کے آخری ایڈیشن میں شریک تین کلبز افغان کلب، مسلم کلب اور بلوچ کلب نوشکی کو دعوت دی کہ ان کے درمیان دسمبر میں ایک ٹورنامنٹ کروایا جائے اور اس ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو چیمپئن شپ میں بھیجا جائے۔

تاہم پی ایف ایف کی دعوت پر کلبز کی جانب سے فنڈز کی قلت اور وقت کی کمی کی وجہ سے مثبت جواب نہیں ملا اور پی ایف ایف ساف کی 15 دسمبر تک کی ڈیڈ لائن تک حتمی ٹیم کا نام نہ دے سکی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ایونٹ کےلیے ڈپارٹمنٹل ٹیموں کو نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر پی ایف ایف کو تنقید کا بھی سامنا رہا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں