5

سابق کراٹے ورلڈ چمپئن ماسٹر شہیان کاتسوتوشی شیناپاکستان آئیں گے


جنوری میں نیشنل کراٹے ٹریننگ کیمپ منعقد ہو گا،ملک بھر سے کھلاڑی اور ٹیکنیکل آفیشل شرکت کریں گے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)کراٹے کھیل کے سابق ورلڈ چمپئن جاپانی کراٹے ماسٹر شہیان کاتسوتوشی شینا 8ڈان اگلے سال پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ جاپان کے قونصلیٹ کراچی اورجاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان کے اشتراک سے جاپان انفارمیشن اینڈ کلچر سینٹر میںنیشنل کراٹے ٹریننگ کیمپ منعقد کیا جائے گا،کراٹے کیمپ میں نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کی جدید تکنیک اور قوانین سے آگہی دی جائے گی ۔ جاپان کراٹے ایسوی ایشن پاکستان کے صدر سینسی حسین علی چنگیزی کے مطابق سابق عالمی کراٹے چمپئن ماسٹر شہیان کاتسوتوشی شینا کی زیر نگرانی نواں نیشنل کراٹے کیمپ13 سے 16 جنوری 2026 کراچی میں منعقدہوگا۔جس میں ملک بھر سے کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کریں گے۔ ٹریننگ کیمپ میں سابق ورلڈ چمپئن ماسٹر شہیان کاتسوتوشی شینا کوچنگ کے فرائض سر انجام دیں گے۔اس موقع پر ڈان اور دیگر قابلیت کے امتحانات بھی منعقد ہوں گے ۔بعد ازاں ماسٹر شہیان کاتسوتوشی شینا کی زیر نگرانی نیشنل کراٹے چمپئن شپ بھی منعقد کی جائے گی۔جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان کے پیٹرن انچیف اعزازی قونصل جنرل جاپان سید ندیم شاہ اور جاپان کراٹے ایسوی ایشن پاکستان کے صدر سینسی حسین علی چنگیزی کے مطابق نویں نیشنل کراٹے کیمپ اور نیشنل کراٹے چمپئن شپ کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری ہیں اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے دونوں پروگرام شاندار طریقے سے منعقد کیے جائیں گے۔جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان کے پیٹرن انچیف اعزازی قونصل جنرل جاپان سید ندیم شاہ نے کہا کہ کراٹے ٹریننگ کیمپ اور نیشنل کراٹے چمپئن شپ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنے گی، جبکہ کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ سے نوجوانوں کو سماجی برائیوں سے روکنے میں مدد ملے گی۔ جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم شاہ نے مزید کہا کہ کھیلوں کا فروغ صحت مند معاشرے کی تشکیل کےلئے انتہائی ضروری ہے اور ایک صحت مند جسم ہی ایک صحت مند دماغ کا باعث بن سکتا ہے اور معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے مختلف کھیل کے میدانوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کرنی چاہئے تاکہ معاشرے میں نوجوانوں میں کھیلوں کے رحجان میں اضافہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں