جنگ کی آڑ میں حکومت نے اپنے ہی عوام پیٹرول بم گرا کر عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے ۔
پاکستان کا نظام بدلنے والا ہے، مسلم امہ ایران کا ساتھ دے کر امریکی غلامی کا طوق اتار پھینکے۔
حکمران اپنی عیاشیاں اور مفت پیٹرول بند کریں ورنہ شہر بھر میں احتجاجی تحریک کے تحت دھرنے شروع کریں گے ۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ 137 روپے عوام دشمن فیصلہ آئی ایم ایف کی دباؤ میں کیا گیا۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ ، سیکرٹری لاہور اظہر بلال ، عامر نثار خان ،قیصر شریف جبران بٹ کا مال روڈ پر احتجاجی دھرنے سے خطاب
لاہور (سٹاف رپورٹر):جماعت اسلامی لاہور کے زیرِ اہتمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف مال روڈ پر ایک عظیم الشان احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔ اس موقع پر سیکرٹری لاہور اظہر بلال، نائب امیر چوہدری محمد شوکت، ڈپٹی سیکرٹریز عامر نثار،سید راشد داؤد، صدر جے آئی یوتھ جبران بٹ، سیکرٹری حمزہ بلال، صدر پبلک ایڈ کمیٹی قیصر شریف اور سیکرٹری شاہد نوید ملک سمیت کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں یکمشت 137 روپے 23 پیسےکا تاریخی اضافہ کر کے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے حکومتی تضادات کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا جا رہا ہے، دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب 11 ارب کا طیارہ اور چیئرمین سینیٹ 9 کروڑ کی گاڑی خرید رہے ہیں۔ حکومتی ٹیم کے لیے اربوں روپے کی نئی گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں جبکہ غریب کے لیے دو وقت کی روٹی مشکل کر دی گئی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی اس ظلم پر خاموش نہیں بیٹھے گی اور امیرِ جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمنکی قیادت میں ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بیوروکریسی اور حکمران طبقے کا مفت پیٹرول فوری بند کیا جائے اور تمام مراعات میں 70 فیصد تک کٹوتی کی جائے۔امیر لاہور نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پوری پاکستانی قوم ایران کے ساتھ کھڑی ہے اور اب امریکہ کی ‘جی حضوری’ کا دور ختم ہو چکا ہے۔ ایران نے امریکہ کی مذمت کر کے ثابت کر دیا کہ اصل سپر پاور صرف اللہ کی ذات ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو پیغام دیا کہ دنیا کا نظام بدل رہا ہے اور پاکستان میں بھی اسلامی نظام کی دستک سنائی دے رہی ہے، جس کے لیے تحریکِ اسلامی کے وابستگان کو بڑی قربانیاں دینا ہوں گی۔جماعت اسلامی لاہور نے واضح کیا ہے کہ اگر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس نہ لیا گیا اور عوامی بوجھ کم نہ کیا گیا تو مال روڈ سے شروع ہونے والا یہ دھرنا پورے لاہور کے گلی کوچوں تک پھیلے گا اور حکومت کا ناطقہ بند کر دیا جائے گا۔

