21

بہاولنگر میں ”دھی رانی پروگرام“ کی شاندار تقریب

تحریر : شہزاد بھٹی

کچھ لمحے اور کچھ یادیں ایسی ہوتی ہیں جو صرف تقریب کی حد تک محدود نہیں رہتیں بلکہ پورے معاشرے کے دل میں امید اور اپنائیت کی نئی شمع روشن کر دیتی ہیں اور ایسا ہی ایک پُراثر اور یادگار منظر ضلع بہاولنگر میں دیکھنے کو ملا جب 23 نومبر بروز سوموار الفیصل میرج ہال بہاولنگر میں دھی رانی پروگرام کے تحت 110 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شریک ہونے کا موقع ملا تو ہال کا رنگا رنگ اور پُروقار ماحول دیکھ کر دل کو ایک عجیب سی طمانیت ملی، ان 110 جوڑوں میں چار مسیحی جوڑے بھی شامل تھے جو بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی ایک خوبصورت مثال تھے، جب اس پروگرام میں شریک ہونے کا موقع ملا تو یہ احساس ہوا کہ یہ تقریب محض سرکاری کارروائی نہیں بلکہ احساس، خلوص اور اجتماعی خوشی کی بھرپور عکاسی کر رہی تھی، نو بیاہتا جوڑوں کی آمد پر روایتی بینڈ باجوں اور ڈھول کی تھاپ پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا جس نے تقریب کی رونق کو دوبالا کر دیا اور فضا میں جشن کا سماں بندھ گیا، ہال کے اندر بہترین ساؤنڈ سسٹم پر خوشی کے گیت اور قوالی کی دلکش دھنوں کے ساتھ ساتھ ملکہ ترنم نور جہاں کے سدا بہار گیت کا یہ جذباتی بول ”دھیاں رانیاں، ہائے او میریا سوہنیا ربّا، کناں جمیاں تے کناں نے لے جانیاں“ فضا میں گونجتے رہے جنہوں نے پورے ماحول کو چار چاند لگا رکھے تھے اور ہر آنکھ کو نم اور دل کو پُرسکون کر دیا تھا، سجی سنوری نشستوں پر بیٹھے نو بیاہتا جوڑوں اور ان کے اہلِ خانہ کے چہروں پر وہ اطمینان دکھائی دے رہا تھا جو بیٹیوں کے فرض سے سبکدوشی اور عزت کے ساتھ رخصتی کے بعد ہی نصیب ہوتا ہے، اس پُروقار ماحول کو دیکھ کر ماضی کا وہ سیاہ اور شرمناک دور بھی تصور میں آ گیا جب اقتدار کی ہوس اور سیاسی تماشوں کے لیے ڈی چوک میں سرکس لگایا جاتا تھا، جہاں قوم کی بیٹیوں کو دھرنوں اور جلسوں کی بھٹی میں جھونک کر ان کی عزتوں اور وقار کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا اور انہیں تماشائیوں کے سامنے غیر سنجیدہ ماحول کی نذر کیا جاتا رہا مگر آج اسی سرزمین پر ایک بالکل مختلف منظر دیکھنے کو مل رہا ہے، ایک ایسا دور جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ”دھی رانی پروگرام“ کے ذریعے ثابت کیا کہ ریاست قوم کی بیٹیوں کو ایسے تماشے کا حصہ بنانے کے بجائے انہیں ماں جیسی شفقت کے ساتھ عزت و وقار سے رشتۂ ازدواج میں منسلک کر رہی ہے اور معاشی مجبوریوں کے اندھیروں میں تنہا چھوڑنے کے بجائے ان کی باعزت رخصتی کو اپنی ذمہ داری سمجھ رہی ہے، اس پروقار تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر پنجاب سہیل شوکت بٹ، ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) بہاولنگر ایم پی اے سہیل خان زاہد، مرکزی ن لیگی رہنما شفیق خاں، ایم پی اے رخسانہ شفیق صاحبہ اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ سمیت سینئر مسلم لیگی عہدیداران، کارکنان اور صحافی برادری نے بھرپور شرکت کی، جن کی موجودگی نے اس اقدام کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا، جب سہیل شوکت بٹ نے اپنے خطاب میں یہ بات کہی کہ اگر ریاست ماں جیسی ہو تو بیٹیوں کے خواب بھی عزت و وقار کے ساتھ پورے ہوتے ہیں تو یہ جملہ محض ایک تقریر کا حصہ نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی وژن کی عملی تصویر تھی، اس پروگرام کے تحت تمام نو بیاہتا جوڑوں کو عروسی ملبوسات دیے گئے اور ہر دلہن کو دو لاکھ روپے سلامی اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے ملی جو شفافیت، خودمختاری اور عزتِ نفس کی علامت ہے، معزز مہمانوں نے دلہنوں کو سلامی کارڈ تقسیم کیے اور جوڑوں و ان کے والدین سے براہِ راست ملاقات کر کے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، تقریب کے اختتام پر باقاعدہ ولیمے کی پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا جہاں مہمانوں، جوڑوں اور ان کے اہلِ خانہ کی تواضع کے لیے اچھے، معیاری اور لذیذ کھانے کا بہترین انتظام موجود تھا جس میں تازہ سلاد، گرما گرم نان، چکن قورمہ، بریانی، زردہ، منرل واٹر کی بوتلیں اور کولڈ ڈرنکس پیش کی گئیں اور مہمانوں نے خاندانوں کے ساتھ مل کر کھانا تناول کیا، ”دھی رانی پروگرام“ کا سب سے روشن پہلو یہ ہے کہ اس نے بیٹی کی شادی کو معاشی بوجھ کے تصور سے نکال کر ریاستی ذمہ داری میں بدل دیا ہے، مہنگائی اور معاشی دباؤ کے موجودہ دور میں کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے شادی بیاہ کے اخراجات کسی بڑے بوجھ سے کم نہیں ہوتے، جبکہ فضول رسومات اور دکھاوے کی روایت نے بھی غریب والدین کو مشکلات میں مبتلا کیا، ایسے میں اس پروگرام نے سادگی، مساوات اور اجتماعی ہم آہنگی کو فروغ دے کر مستحق خاندانوں کے وقار اور اعتماد کو بحال کیا، یہ تقریب صرف 110 شادیوں کی داستان نہیں بلکہ ایک نئے سماجی بیانیے کی ابتدا اور اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاستی سرپرستی اور عزتِ نفس کا احترام مل جائیں تو محرومیوں کے سائے کم ہوتے ہیں اور خوشیاں جنم لیتی ہیں، بے شک بیٹیوں کو بوجھ سمجھنے کی بجائے معاشرے میں انہیں ”دھی رانی“ بنا کر پورے وقار کے ساتھ رخصت کرنا ہی اصل خدمتِ خلق اور فلاحی ریاست کی حقیقی تصویر ہے، اللہ تعالیٰ ان تمام نوبیاہتا جوڑوں کی ازدواجی زندگی کو خوشیوں، برکتوں اور سکون سے بھر دے، ان کے گھروں کو سدا آباد رکھے، قوم کی بیٹیوں کو ہر دور میں عزت و وقار عطا فرمائے، اللہ کریم ہم سب کا حامی و ناصر ہو اور اس ملک و قوم پر اپنی رحمتوں کا سایہ قائم رکھے۔ آمین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں