2

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عالمی سطح پر پذیرائی پاکستان کے لیے اعزاز ہے، عزیز احمد اعوان


راولپنڈی: پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف آرگنائزر و میڈیا کوآرڈینیٹر عزیز احمد اعوان نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دنیا کی نمایاں شخصیات میں شمار ہونا پوری پاکستانی قوم اور بالخصوص پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افواج پاکستان اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔ وطن عزیز پر جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان شاء اللہ پاکستان جلد دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک ہوگا۔
پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عزیز احمد اعوان نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جس انداز میں ملک و قوم کی خدمت اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، وہ قابلِ ستائش ہے۔ عالمی امن کے لیے ان کی کوششیں بھی قابلِ تحسین ہیں۔ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی ان کی قومی خدمات اور ملکی سلامتی کے لیے جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وہ پاکستان کے عظیم محافظ اور بہادر سپہ سالار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی ہمیشہ افواج پاکستان اور تمام سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی قدم سے قدم ملا کر ساتھ چلتی رہے گی۔ ہم اپنے فیلڈ مارشل کے سپاہی بن کر ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر محاذ پر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
عزیز احمد اعوان نے واضح کیا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی پورے ملک میں ایک ہی تنظیم ہے، جس کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ملک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کے حوالے سے پھیلائی جانے والی غلط معلومات اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا مقصد سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری کاموں میں رکاوٹیں پیدا کرنا ہے، تاہم سوسائٹی اپنے عام اور نچلے درجے کے سابق فوجی جوانوں کی خدمت کے مشن سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی اور یہ سلسلہ جاری و ساری رہے گا۔
انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے صوبوں کے حوالے سے ریفرنڈم کے ذریعے عوامی رائے لینے کی تجویز کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی رائے کو اہمیت دینا جمہوری اور مثبت طرزِ عمل ہے۔ قومی معاملات میں عوام کو اعتماد میں لینے سے ملک میں بہتری آئے گی اور قومی یکجہتی و استحکام کو مزید تقویت ملے گی۔ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی وزیر داخلہ کے اس مؤقف کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
ماہانہ اجلاس میں میجر ناصر اعوان، میجر خانزادہ محمد علی، آفس سیکرٹری خالد محمود قاضی، بریگیڈیئر ذوالفقار شاہین، کرنل صدیق، صدر اسلام آباد سمیت دیگر ریٹائرڈ فوجی افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں