3

29 نومبر کو مینارِ پاکستان پر جماعت اسلامی کا تاریخی جلسہ عام ہوگا، یہ جلسہ پنجاب میں جماعت اسلامی کی برتری کا نقطۂ آغاز ثابت ہوگا، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ



لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ 29 نومبر کو مینارِ پاکستان پر جماعت اسلامی کا عظیم الشان تاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا، جس میں اہلِ لاہور بھرپور شرکت کرکے نئی تاریخ رقم کریں گے۔ یہ جلسہ پنجاب میں جماعت اسلامی کی عوامی قوت، سیاسی برتری اور خدمت کی سیاست کے نئے سفر کا نقطۂ آغاز ثابت ہوگا۔منصورہ لاہور میں منعقدہ کُل پنجاب اجتماعِ ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے بنیادی حقوق، شفاف نظامِ حکومت، کرپشن کے خاتمے اور شہری مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر کے عوام مہنگائی، بے روزگاری، ناقص شہری سہولیات، صاف پانی، صفائی، ٹریفک اور دیگر بنیادی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، جن کے حل کے لیے مؤثر اور دیانت دار قیادت ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کو محض سیاسی نعروں تک محدود نہیں رکھتی بلکہ انہیں اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے عملی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ 29 نومبر کا جلسہ عام عوامی حقوق کی جدوجہد کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے عزم کی تجدید ہوگا۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے لاہور کے شہریوں، نوجوانوں، تاجروں، طلبہ، کارکنان اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ 29 نومبر کو مینارِ پاکستان پہنچ کر جماعت اسلامی کے تاریخی جلسہ عام کو کامیاب بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں