13

لاہور میں مہنگائی اور پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے


پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عام آدمی پر ظلم کی انتہا ہے، حکومت عوام کا خون نچوڑ رہی ہے — ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر یومِ مزدور کے موقع پر لاہور کے مختلف علاقوں میں مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور موجودہ سولر پالیسی کے خلاف منظم اور پرامن احتجاجی مظاہرے منعقد کیے گئے۔ ان مظاہروں میں جماعت اسلامی لاہورکے کارکنان، مزدوروں، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومتی معاشی پالیسیوں کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا۔مرکزی احتجاجی مظاہرہ منصورہ میں منعقد ہوا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل عبدالعزیز عابد، امیر زون 168 محمد شفیق ملک، حافظ مظہر جیلانی سمیت کارکنان اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مہنگائی میں مزید شدت کا باعث بن رہا ہے، جس کے اثرات براہِ راست عام آدمی کی زندگی پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور یوٹیلیٹی بلز عوام کے لیے ناقابلِ برداشت ہو چکے ہیں۔ مہنگائی بے روزگاری اس قدر بڑھ چکی ہے عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوچکی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سولر پالیسی متبادل توانائی کے فروغ کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے اور اس سے صارفین کو فائدے کے بجائے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی، سولر پالیسی پر نظرثانی، اور بجلی و گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ساتھ ہی مزدور طبقے کے حقوق کے تحفظ اور عوامی ریلیف کے لیے جامع اور مؤثر پالیسی اقدامات کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔شہر کے مختلف علاقوں میں بھی احتجاجی مظاہرے منعقد ہوئے جن کی قیادت مقامی رہنماؤں نے کی۔ اکبر چوک (پی پی 162) میں خالد احمد بٹ، مرزا عبدالرشید، عامر نثار خان، سلمان ایوب اور خالد چوہدری، امین پارک میں سید برہان حسین، غازی آباد میں شہباز امتیاز، معاذ احمد اور ڈاکٹر جمیل احمد جبکہ بیدیاں و برکی روڈ پر میاں خبیب نذیر، توقیر احمد خان اور چوہدری اعجاز نے احتجاج کی قیادت کی۔اسی طرح حسنین آباد، چائنہ سکیم (پی پی 150)، منہالہ اڈا، مانگا منڈی، والٹن روڈ، داروغہ والا جی ٹی روڈ، رائیونڈ روڈ (شیر شاہ کالونی)، جوہر ٹاؤن اور ساندہ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بھی مظاہرے کیے گئے، جہاں کارکنان نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرین نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے حقوق کے حصول اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں