19

کسان دشمن پالیسیوں نے زراعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ۔ ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ

لاہور(عمرحیات چوہدری)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کسان ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، مگر حکومتی نااہلی، کسان دشمن پالیسیوں اور ناقص زرعی حکمت عملی نے کسانوں کو شدید معاشی بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ حکومت فوری طور پر گندم کی خریداری کے لیے مؤثر اور جامع پالیسی مرتب کرے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ مل سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسان جرگہ اور ممبرشپ ڈرائیو جماعت اسلامی جنوبی لاہور کے سلسلے میں منعقدہ ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی جنوبی لاہور عبدالرشید مرزا، صدر جے آئی کسان پنجاب وسطی میاں رشید منہالہ بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جنوبی لاہور کی قیادت، کسانوں اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت کے کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر اسکیم، زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی اور زرعی آلات کی فراہمی جیسے منصوبے مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ گزشتہ برس بھی کسانوں سے گندم مقررہ نرخ پر نہیں خریدی گئی جس سے کسان شدید مالی مشکلات کا شکار ہوئے۔ اگر اس سال بھی کسانوں کے ساتھ یہی رویہ اپنایا گیا تو حکومت کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گندم، کپاس اور کماد جیسی اہم فصلوں کی امدادی قیمتیں پیداواری لاگت کے مقابلے میں انتہائی کم مقرر کی جا رہی ہیں، جبکہ کھاد، بیج، زرعی ادویات، بجلی اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے کاشتکاری کو ناقابلِ برداشت بنا دیا ہے۔ آڑھتیوں اور ذخیرہ اندوزوں کی مبینہ ملی بھگت کے باعث کسان اپنی محنت کا جائز معاوضہ حاصل کرنے سے محروم ہیں اور قرضوں کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔اجتماع کے اختتام پر بڑی تعداد میں افراد نے جماعت اسلامی کی ممبرشپ حاصل کی اور کسانوں کے حقوق کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں