ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین کو حق ملنے تک جدوجہد جاری رہے گی، مظلوموں کی داد رسی ہمارا مشن ہے۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ
لاہور:جماعت اسلامی لاہور کی پبلک ایڈ کمیٹی کی مسلسل، مخلصانہ اور بھرپور جدوجہد رنگ لے آئی۔ سالہا سال سے اپنے جائز حق سے محروم ہاؤسنگ سوسائٹی متاثرین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی۔ جماعت اسلامی اور ایس اے گارڈن کی انتظامیہ کے درمیان ہونے والے متعدد مذاکراتی سیشنز کے بعد باقاعدہ تحریری معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت شیر افگن بلاک کے متاثرین کو پلاٹوں کے پوزیشن لیٹرز جاری کرنے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔اس تاریخی کامیابی کے موقع پر سید مودودی اسلامک سنٹر، لٹن روڈ لاہور میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جہاں متاثرین میں پوزیشن لیٹرز تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری، صدر پبلک ایڈ کمیٹی قیصر شریف، سیکرٹری شاہد نوید ملک ، کنونیئر ہاوسنگ سوسائٹی احمد سلمان بلوچ، عثمان افضل ، مشتاق بٹ اورایس اے گارڈن انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔تقریب کے دوران کئی برسوں سے اپنے حق کے حصول کے لیے دربدر ہونے والے متاثرین کو جب پوزیشن لیٹرز دیے گئے تو ان کی خوشی دیدنی تھی اور شرکاء نے جماعت اسلامی کی کاوشوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہور کے عہدیداران نے امیر لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی قیادت میں ایس اے گارڈن انتظامیہ کے ساتھ انتہائی سنجیدہ، پیشہ ورانہ اور نتیجہ خیز مذاکرات کیے۔ مختلف سیشنز پر مشتمل ان مذاکرات کے بعد دونوں فریقین کے درمیان پلاٹوں کی حوالگی کے تفصیلی شیڈول پر مکمل اتفاق رائے طے پایا۔ بعد ازاں اس تحریری معاہدے پر ایس اے گارڈن کے سی ای او شعیب افضل، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ اور دیگر قائدین نے دستخط کیے۔امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کے ہر مظلوم، بے سہارا اور حق سے محروم شہری کی آواز ہے۔ “پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہور شب و روز اہلِ لاہور کے متاثرین کی داد رسی کے لیے کوشاں ہے۔ جب تک مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے تمام متاثرین کو ان کا جائز حق نہیں مل جاتا، جماعت اسلامی اپنی قانونی، سیاسی اور عوامی جدوجہد جاری رکھے گی۔”انہوں نے پبلک ایڈ کمیٹی کی پوری ٹیم کو ایس اے گارڈن متاثرین کے لیے بڑا ریلیف یقینی بنانے اور مذاکرات کو کامیابی سے ہمکنار کرنے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
