ظالم حکمرانوں نے عام آدمی کوقرضوں اور ٹیکسوں کی دلدل میں دھنسا دیا ہے ۔
22 مئی کو اہل لاہور مہنگے پٹرول اور بے تحاشہ مہنگائی کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا 22 مئی کے احتجاج کی تیاریوں کے سلسلے میں حلقہ لاہور کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب
لاہور (عمرحیات چوہدری)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت پیٹرول پر سبسڈی دینے کی بجائے عام آدمی کا خون نچوڑ رہی ہے۔ ظالم حکمرانوں نے عام آدمی کو قرضوں اور ٹیکسوں کی دلدل میں دھنسا دیا ہے۔ 22 مئی کو اہل لاہور مہنگے پیٹرول اور بے تحاشہ مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے اور بھرپور احتجاج کریں گے۔ امریکہ اور ایران جنگ کو جواز بنا کر یہ نااہل ٹولہ عوام پر مہنگائی کے پہاڑ گرا رہا ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی بچوں کی تعلیم اور دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید مودودی اسلامک سنٹر میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں، صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ حلقہ لاہور کی نظم کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں جماعت اسلامی لاہور کی قیادت سیکرٹری لاہوراظہر بلال،نائب امراء لاہورچوہدری محمد شوکت، وقاص احمد بٹ، ملک شاہد اسلم،ڈپٹی سیکرٹریزعامر نثار خان، قیصر شریف، راشد داود، شاہد نوید ملک، ڈاکٹر محمود خان،صدر جے آئی یوتھ لاہورجبران بٹ ۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے پیٹرول کی قیمتوں پر حکومتی ٹیکسز پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم لیوی آئینِ پاکستان، پارلیمانی بالادستی، وفاقی نظام، بنیادی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے خلاف ہے۔حکمران اس وقت ایک لیٹر پیٹرول پر 117 روپےلیوی وصول کر رہے ہیں۔دیگر ٹیکسز شامل کر کے یہ رقم 150 روپے تک پہنچ جاتی ہے، جو پیٹرول کی اصل قیمت کا تقریباً 60 فیصدہے۔امیر لاہور نے حکومتی خارجہ و معاشی پالیسی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نااہل حکومت نے امریکی غلامی اور ٹرمپ نوازی میں ایک ہزار ناٹیکل میل کے قریبی راستے کو چھوڑ کر 9 ہزار ناٹیکل میل دور سے تیل منگوا کر بدترین غلامی کا ثبوت دیا ہے۔ وقت کا ضیاع اور مہنگا خام تیل خریدنا کسی بھی منطق کے مطابق درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ روس یوکرین جنگ کے بعد بہت سستا تیل بیچ رہا ہے، وہاں سے کیوں نہیں خریدا جا رہا؟ ایران تو بہت ہی سستا ہے مگر آئی ایم ایف اور امریکہ کی غلامی کی وجہ سے وہاں سے تیل نہیں خریدا جا رہا۔ خلیجی ممالک سے تیل ہمیں بہت سستا پڑتا ہے اور سعودی عرب ہمیں موخر ادائیگیوں پر بھی تیل دیتا ہے، لیکن حکومت عوام کو ریلیف دینے میں سنجیدہ نہیں ہے۔انہوں نے اہل لاہور سے اپیل کی کہ وہ 22 مئی کو مہنگائی کے اس طوفان کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاج میں بھرپور شرکت کر کے اپنے حقوق کی آواز بلند کریں۔
