پٹرول پر 120 روپے لیٹر لیوی فوری ختم کی جائے، تنخواہ دار اور کم آمدنی والے طبقے کو ٹیکسوں سے استثنیٰ دیا جائے۔امیرجماعت اسلامی لاہور
جماعت اسلامی لاہور کی سیاسی کمیٹی کا اہم ترین اجلاس؛ نائب امیر پاکستان لیاقت بلوچ اور مشیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ کی خصوصی شرکت
لاہور (عمرحیات چوہدری ) جماعت اسلامی لاہور کی سیاسی کمیٹی کا ایک انتہائی اہم اور مشاورتی اجلاس لٹن روڈ پر واقع سید مودودی اسلامک سنٹر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر سیاسی کمیٹی لاہور خالد احمد بٹ نے کی۔ اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ اور امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر مشیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ بھی موجود تھے، جنہوں نے موجودہ سیاسی و اقتصادی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے قیمتی تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں سیاسی کمیٹی کے نائب صدر چوہدری ذوالفقار علی ایڈووکیٹ، سیکرٹری عامر نثار خان، اور مرکزی و صوبائی رہنماؤں بشمول قیصر شریف، میاں ذکر اللہ مجاہد، شعیب یعقوب، عدنان چھٹہ، جبران بٹ، شاہد نوید ملک، احمد سلمان بلوچ، طارق الطاف ٹیپو، زاہد شباب بٹ، عبدالحمید گجر، زبیر صدیقی، ملک الیاس، اظہر بلال، ملک شاہد اسلم، چوہدری محمد شوکت، ملک منیر احمد، چوہدری ظہور احمد وٹو، چوہدری عبدالقیوم گجر اور سیف الرحمن سمیت دیگر ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران شہر لاہور میں جماعت اسلامی کی موجودہ سیاسی سرگرمیوں، تنظیمی نیٹ ورک اور آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے متفقہ طور پر عزم ظاہر کیا کہ جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں روایتی اور کرپٹ سیاستدانوں کے برعکس اہل لاہور کو ایک مخلص، دیانتدار، اور اعلیٰ تعلیم یافتہ قیادت فراہم کرے گی تاکہ شہر کے دیرینہ مسائل کو حقیقی معنوں میں حل کیا جا سکے۔ مزید برآں، لاہور میں جاری “بدل دو نظام” ممبرشپ مہم کی اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس مہم کو گلی محلوں اور یونین کونسل سطح پر مزید تیز کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ وفاقی اور صوبائی بجٹ میں عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، جس نے غریب کا زندہ رہنا مشکل ترین بنا دیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے بجٹ میں عوام کو فوری ریلیف فراہم نہ کیا، تو قائد تحریک حافظ نعیم الرحمن کی کال پر ایک تاریخی اور بڑی احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس احتجاجی تحریک میں پہیہ جام ہڑتال، احتجاجی دھرنے اور حکومتی ایوانوں کا گھیراؤ سمیت تمام سخت ترین آئینی و سیاسی آپشنز استعمال کیے جائیں گے۔جماعت اسلامی لاہور کی سیاسی کمیٹی نے مشترکہ اعلامیے میں مہنگائی، بے روزگاری اور حکومت کی عوام دشمن اقتصادی پالیسیوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مندرجہ ذیل فوری مطالبات پیش کیے ،پٹرول کی قیمتوں میں عائد کردہ ظالمانہ 120 روپے فی لیٹر لیوی کو فوری اور مکمل طور پر ختم کر کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضع کمی کی جائے۔بجلی اور گیس کے بلوں میں لگائے گئے بھاری ٹیکسز ختم کر کے پسے ہوئے طبقات کو فوری اور براہ راست ریلیف فراہم کیا جائے۔پہلے سے پسی ہوئی تنخواہ دار کلاس اور کم آمدنی والے غریب افراد پر مزید ٹیکس لگانے کے بجائے انہیں ٹیکس کے دائرہ کار سے مکمل استثنیٰ دیا جائے۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کی محافظ ہے اور حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔ لاہور کا ہر کارکن قائد تحریک حافظ نعیم الرحمن کی ایک آواز پر عوامی حقوق کی بحالی کے لیے سڑکوں پر نکلنے کو تیار ہے۔
