6

پیٹرولیم لیوی عوام پر مسلط کیا گیا “جگا ٹیکس” ہے، حکومت روزانہ عوام پر پیٹرول بم گرا رہی ہے: ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ


گزشتہ سال سے اب تک حکومت پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1900 ارب روپے وصول کر چکی ہے، عوام پر مزید بوجھ ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔
حکمران عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کے بجائے اپنی مراعات اور شاہ خرچیاں ختم کریں، 7 اگست کو حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں قوم یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی۔

لاہور (عمرحیات چوہدری):امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی ظالم حکمرانوں کی جانب سے عوام پر مسلط کیا گیا ایک “جگا ٹیکس” ہے، جبکہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر عوام پر پیٹرول بم گرا رہی ہے، جس کی جماعت اسلامی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ گزشتہ سال سے اب تک حکومت عوام سے پیٹرولیم لیوی کی مد میں تقریباً 1900 ارب روپے وصول کر چکی ہے، حالانکہ اس لیوی کا پیٹرول کی اصل قیمت سے کوئی براہِ راست تعلق نہیں۔ امیرجماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ اس وقت فی لیٹر پیٹرول پر تقریباً 125 روپے مختلف لیویوں اور ٹیکسوں کی صورت میں وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب آئی پی پیز کو سالانہ تقریباً 2 ہزار ارب روپےکی ادائیگیاں بھی جاری ہیں، جن کا بوجھ بھی براہِ راست عوام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بجلی کے نرخوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ معاشی دباؤ اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ متعدد شہری شدید مالی مشکلات اور مایوسی کا شکار ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کی جیبوں پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی غیر ضروری مراعات، شاہ خرچیوں اور سرکاری اخراجات میں نمایاں کمی کرے تاکہ عام شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے ملک بھر کے عوام سمیت اہلیان سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کو امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر گھروں سے باہر نکلیں ، نوجوان یکجہتی کا مظاہرہ اور پٹرول لیوی کے خلاف گھروں سے باہرنکلیں اور احتجاج میں بھرپور شرکت کر کے مہنگائی، ظالمانہ ٹیکسوں اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف اپنا پرامن اور جمہوری احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں