4

جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا عوام کے جذبات کی ترجمانی کر رہا ہے۔


مطالبات کی منظوری تک جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔


پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام پر معاشی بوجھ بڑھانے کے مترادف ہے۔


امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا وزیر اعلی ہاوس مال روڈ پر احتجاجی دھرنے کے چوتھے روز شرکاء سے خطاب

لاہور (عمرحیات چوہدری): امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا عوام کے جذبات کی ترجمانی کر رہا ہے، مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔ پنجاب بھر سے قافلوں کا رخ لاہور کی جانب ہو گیا تو تختِ لاہور الٹ جائے گا۔ حافظ نعیم الرحمن نے دھرنے کا اعلان کیا ہے اور وہی اس کے اختتام کا اعلان کریں گے۔وزیر اعلیٰ ہاؤس، چیئرنگ کراس مال روڈ پر احتجاجی دھرنے کے چوتھے روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر مسلسل اضافہ حکومتی نااہلی اور بے حسی کا مظہر ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی معاشی مشکلات میں شدید اضافہ ہو رہا ہے اور مہنگائی کا طوفان عام آدمی کے لیے زندگی گزارنا مشکل بنا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی کا بوجھ مسلسل عوام پر منتقل کر رہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے براہِ راست اثرات اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ اور روزمرہ اخراجات پر پڑ رہے ہیں، جس سے عام شہری مزید مشکلات کا شکار ہو رہا ہے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ فوری طور پر روکے، پٹرولیم لیوی کے ذریعے عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کا فیصلہ واپس لے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور پاکستان میں تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات پر پٹرولیم لیوی کا اضافی بوجھ ناقابل قبول ہے۔ اگر حکومت نے اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات نہ کیے تو اسلامی جمعیت طلبہ اس معاملے پر بھرپور تحریک چلائے گی اور اسمبلیوں کے گھیراؤ سمیت احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنے کے تیسرے روز چیئرنگ کراس مال روڈ پر بچوں اور خواتین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ دھرنے کے مقام پر جماعت اسلامی کے ترانے گونجتے رہے جبکہ شرکاء نے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی۔دھرنے کے شرکاء نے کہا کہ وہ اپنے قائدین کی ہدایت کے مطابق دھرنا طویل کرنے کے لیے تیار ہیں اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی اور اضافی ٹیکسوں سے نجات دلانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں