
حکومت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کو عارضی ریلیف دینے کے بجائے پیٹرول لیوی فوری ختم کرے، عوام کو بھکاری نہیں باعزت شہری سمجھا جائے۔
20 ستمبر کا اسلام آباد مارچ عوام کے حقوق کی فیصلہ کن آواز بنے گا، جماعت اسلامی لیوی کے خاتمے تک ہر آئینی و جمہوری راستہ اختیار کرے گی۔
لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے دو پہیوں اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے پیٹرول پر ماہانہ ریلیف کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ریلیف کے نام پر عوام کے ساتھ مذاق بند کرے۔ عوام کو 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لٹر ریلیف نہیں بلکہ پیٹرول لیوی سے مستقل نجات چاہیے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس مال روڈ کے سامنے جاری احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت اگر واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو سب سے پہلے پیٹرول لیوی ختم کرے۔ ایک طرف حکومت عوام سے بھاری ٹیکس اور لیوی وصول کر رہی ہے اور دوسری طرف چند مخصوص طبقات کو محدود اور عارضی ریلیف دے کر اسے عوامی خدمت قرار دیا جا رہا ہے، جسے عوام مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا واحد مؤثر راستہ لیوی اور ناجائز بوجھ کا خاتمہ ہے۔ موٹر سائیکل اور رکشہ چلانے والے لاکھوں محنت کش پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور کم آمدن کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ حکومت کو ان کے مسائل کا مستقل حل دینا ہوگا، نہ کہ وقتی اعلانات کے ذریعے عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کی جائے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی پیٹرول لیوی کے خاتمے تک عوامی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن آئینی و جمہوری راستہ اختیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے عوام کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے تو یہ تحریک مزید آگے بڑھے گی اور حکومت کے خلاف بھرپور عوامی تحریک میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور کے کارکنان اور ذمہ داران 20 ستمبر کے اسلام آباد مارچ کے لیے پوری طرح تیار اور پُرجوش ہیں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ میں بھرپور شرکت کریں اور حکمرانوں کو بتا دیں کہ عوام اب مہنگائی، ٹیکسوں اور معاشی ظلم کو مزید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ملک گیر دھرنا تحریک ملکی تاریخ کی ایک بڑی عوامی جدوجہد بن چکی ہے۔ یہ تحریک کسی فرد، جماعت یا اقتدار کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق، عزت اور معاشی ریلیف کے لیے ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار کی بندر بانٹ کا حصہ بننے کے بجائے عوام کے مسائل کے حل کے لیے میدان میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران اشرافیہ کو مراعات دینے کے بجائے غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دیا جائے، پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں اور لیوی کا بوجھ کم کیا جائے، بجلی و گیس کے بھاری بلوں سے عوام کو نجات دلائی جائے اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں ۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ عوام کو خیرات یا عارضی ریلیف نہیں، اپنے حقوق چاہیے۔ حکومت عوام کی آواز سن لے، بصورت دیگر 20 ستمبر کا اسلام آباد مارچ حکمرانوں کے لیے ایک واضح عوامی پیغام ثابت ہوگا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل، روزگار، سستی توانائی اور باعزت زندگی کے لیے جماعت اسلامی کی اس جدوجہد کا ساتھ دیں اور 20 ستمبر کے اسءلام آباد مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔