لاہور (عمرحیات چوہدری) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن انعام اللہ نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ریلوے ملازمین اور دیگر شکایت کنندگان کی مختلف نوعیت کی شکایات سنی گئیں۔ اس موقع پر متعدد شکایات کا موقع پر ازالہ کر دیا گیا جبکہ دیگر شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو قواعد و ضوابط اور ریلوے پالیسی کے مطابق عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
کھلی کچہری کے دوران کوارٹرز کی مرمت، واجبات کی ادائیگی اور نیلامی میں حاصل کیے گئے پارکنگ اسٹینڈ کا قبضہ دلوانے سے متعلق شکایات بھی زیرِ بحث آئیں۔ اس کے علاوہ ایک ٹرین ڈرائیور نے اپنی محکمانہ انکوائری جلد مکمل کرنے کی درخواست کی جس پر متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اس موقع پر ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے کی ہدایات کے مطابق شکایات کا ازالہ ریلوے پالیسی اور قواعد و ضوابط کے تحت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ریلوے ملازمین اور دیگر شکایت کنندگان کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
کھلی کچہری کے موقع پر ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر سیدہ مرضیہ زہرہ، ڈویژنل پرسانل آفیسر محمد رضا حسین سمیت دیگر افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔
