15

پرتھ ٹیسٹ، پہلے دن کے آخری سیشن کا کھیل جاری

فوٹو بشکریہ کرک انفو
فوٹو بشکریہ کرک انفو

پرتھ ٹیسٹ کے آخری سیشن میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے اننگ کا آغاز کیا۔

دونوں بیٹرز نے پہلی ہی وکٹ پر ٹیم کو 126 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر دی جس کے بعد آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 29.4 اوورز میں 126رنز پر گری جب شاہین آفریدی نے عثمان خواجہ کو 41 رنز پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔

فاسٹ بولر فہیم اشرف نے دوسری وکٹ 37.1 اوورز میں 159 رنز پر حاصل کی، مارنس لبوشین 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ گرنے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اس دوران انہوں نے 125 گیندوں پر ایک چھکے اور 14 چوکوں کی مدد سے اپنے کیریئر کی 26 ویں سنچری اسکور کی۔

آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 56.3 اوورز میں 238 رنز پر گری جب خرم شہزاد نے اسٹیو اسمتھ کو 31 رنز پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 72.1 اوورز میں 304 رنز پر گری جب عامر جمال نے ٹریوس ہیڈ کو 40 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

قومی ٹیم نے آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ کچھ ہی دیر بعد 74.5 اوورز میں 321 رنز پر حاصل کرلی جب عامر جمال نے ڈیوڈ وارنر کو 164 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

پہلا سیشن:

پہلے سیشن میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف بنا کوئی وکٹ گنوائے 117 رنز بنائے تھے۔

چائے کا وقفہ:

پہلے روز کھیل میں چائے کے وقفے پر آسٹریلیا نے 2 وکٹ پر 210 رنز بنائے تھے، اس موقع پر ڈیوڈ وارنر 111 اور اسٹیو اسمتھ 21 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

ٹاس:

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کرتے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں ہماری ٹیم میں دو کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں۔

اس سے قبل عامر جمال اور خرم شہزاد کو ٹیسٹ کیپ دی گئی، شاہین آفریدی اور حسن علی نے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دی۔

آسٹریلوی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری، مچل اسٹارک، کپتان پیٹ کمنز، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

اسی طرح قومی ٹیم نے چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان ٹیم میں کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، عامر جمال اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز بینو قادر ٹرافی کیلئے کھیلی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں