عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے رواں سال ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
کرسٹیانو رونالڈو سعودی سپر لیگ میں گزشتہ روز 2 بار گول کرنے کے بعد 53 گول کے ساتھ سال 2023ء کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
سعودی فٹبال فرینچائز النصر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر پرتگالی فٹبالر کی اس کامیابی کے بارے میں ان کے مداحوں کا آگاہ کیا۔
ٹیم کی جانب سے پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو آج اتحاد کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنے 53 ویں گول تک پہنچنے کے بعد سال 2023ء میں دنیا کے سب سے زیادہ گول کرنے والے فتبالر بن گئے ہیں اور اُنہوں نےکلیان ایمباپے اور ہیری کین کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے اب تک 52 گول کیے تھے۔
واضح رہے کہ سعودی سپر لیگ میں النصر کی جانب سے کرسٹیانو رونالڈو نے پنالٹی ککس پر 2 گول کرکے یہ اعزاز اپنے نام کیا اور میچ میں النصر نے الاتحاد کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دیتے ہوئے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی۔