26

گھر کے شیر باہر ڈھیر، جنوبی افریقہ نے بھارت کو اننگز اور 32 رنز سے ہرادیا

فوٹو: بشکریہ اے ایف پی
فوٹو: بشکریہ اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے اننگز اور 32 رنز سے شکست دے دی۔ 

گھر کے شیر ایک مرتبہ پھر باہر ڈھیر ہوگئے۔ اپنی سرزمین پر کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے دوران تباہ کن پرفارمنس دینے والی بھارتی ٹیم کا جنوبی افریقہ میں پول کھل گیا۔ 

سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کی ایک نہ چلنے دی اور اسے اننگز کی شکست دے دوچار کردیا۔ 

بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 245 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی۔ اس دوران کے ایل راہول نے 101 رنز کی اننگز کھیلی۔ ویرات کوہلی نے 38 اور شریاس ایّر نے 31 رنز بنائے۔ 

جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ناندرے برگر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مارکو یانسین اور جیرالڈ کوئٹزی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں ہی بھارت سے میچ دور کردیا۔ ڈین ایلگر کے 185 اور مارکو یانسین کے ناقابلِ شکست 85 رنز کی بدولت 408 رنز بنائے اور 163 رنز کی برتری بھی حاصل کرلی۔ اس اننگز میں کپتان ٹیمبا باووما نے بلے بازی نہیں کی۔ 

بھارت کے جسپریت بمراہ نے 4 جبکہ محمد سراج نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شردل ٹھاکر، پرسدھ کرشنا اور روی چندرن ایشوین نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کی بھاری برتری کے سامنے ہی بھارتی بیٹنگ لائن 131 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کے 9 کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ 

ویرات کوہلی 76 اور شبمن گل 26 رنز کے ساتھ قابلِ ذکر رہے۔ جنوبی افریقہ کے ناندرے برگر نے 4، مارکو یانسین نے 3 جبکہ کگیسو ربادا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں