22

میلبرن ٹیسٹ جیتنے کیلئے 317 رنز کا ہدف، پاکستان کے 4 کھلاڑی آؤٹ

فوٹو بشکریہ کرک انفو
فوٹو بشکریہ کرک انفو

میلبرن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 262 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور پاکستان کو جیت کیلئے 317 رنز کا ہدف درکار ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میلبرن میں کھیلا جارہا ٹیسٹ میچ چوتھے دن سے دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق اور امام الحق نے دوسری اننگ کا آغاز کیا، تاہم پہلی وکٹ 8 اور دوسری 49 رنز پر گر گئی۔

عبداللّٰہ شفیق 4 رنز بنا کر کیچ آؤٹ اور امام الحق 12 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 110 رنز تک پہنچایا جس کے بعد شان مسعود 60 رنز پر پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم آؤٹ

پاکستان کی چوتھی وکٹ 146 رنز پر گری جب بابر اعظم 40 رنز بنا کر فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

اس سے قبل آج میچ کے چوتھے دن کے کھیل  میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 6 وکٹ پر 187 رنز سے آگے بڑھائی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے ابتدائی اوورز میں ہی مچل اسٹارک کو آؤٹ کردیا، جس کے بعد عامر جمال نے بھی 2 وکٹ حاصل کیے۔

آسٹریلیا کی آخری وکٹ میر حمزہ کے حصے میں آئی اور پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی.

آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش 96 رنز بنا کر نمایاں رہے، وکٹ کیپر بیٹر ایلکس کیری نے 96 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے ففٹی بنائی، یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی نصف سنچری تھی۔

ایلکس کیری 53 اور اسٹیو اسمتھ 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پیٹ کمنز 16 ، نیتھن لائن 11 اور مچل اسٹارک 9 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ڈیوڈ وارنر 6 ، مارنس لبوشین 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ کھاتہ نہ کھول سکے، شاہین آفریدی اور میر حمزہ نے 4۔4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ عامر جمال نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

واضح رہے کہ پاکستان کو پہلی اننگز کے 54 رنز کے خسارے کے بعد اب جیت کیلئے 317 رنز کا ہدف ملا ہے جبکہ اس کی 10 وکٹیں اور تقریباً ڈیڑھ دن کا کھیل باقی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں