مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق نے الیکشن میں حصہ لینے والے آزاد امیدواروں اور چھوٹی جماعتوں کے ساتھ مل کر قومی یکجہتی الائنس کے نام سے اتحاد بنانے کا اعلان کر دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعجازالحق نے کہا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)، جمیعت علماء اسلام (س) اور تحریک لبیک سمیت دیگر جماعتوں سے بھی رابطے میں ہیں۔
اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر، سابق وفاقی مشیر امین اسلم سمیت دیگر رہنما بھی اعجازالحق کے ساتھ موجود تھے۔
اعجاز الحق کا کہنا تھا 20 سے 25 آزاد امیدواروں اور چھوٹی جماعتوں کے ساتھ مل کر اتحاد بنانے پر مشاورت ہوئی ہے، ملک کو اتحاد کی سیاست کی ضرورت ہے اس لیے قومی یکجہتی الائنس بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر سمجھتے ہیں کہ انتخابات 8 فروری کو لازمی ہوں گے، اگر ایک نشان ملنا ممکن ہوا تو الیکشن کمیشن سے اس کے حصول کی کوشش کریں گے۔
اعجازالحق نے کہا کہ کچھ لوگ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور کچھ مسلم لیگ (ن) میں نہیں جانا چاہتے، ایسے لوگوں کےلیے ہمارا پلیٹ فارم حاضر ہے۔
مسلم لیگ ضیا کے سربراہ نے کہا کہ بلوچستان، کے پی کے اور اٹک سے لے کر رحیم یار خان تک لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔