دیانتدار اور مخلص قیادت کے ذریعے ملک و قوم کو موجودہ بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے۔
لاہور سمیت ملک بھر میں“بدل دو نظام” ممبرشپ مہم عوام کے جذبات کی ترجمانی کر رہی ہے۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی ممبر شپ دعوتی کیمپ میں میڈیا سے گفتگو

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ہوشربا مہنگائی اور فاقہ کشی کے خلاف جماعت اسلامی ہی قوم کی آخری امید ہے ۔ دیانتدار اور مخلص قیادت کے ذریعے ملک و قوم کو موجودہ بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے۔ ملک میں بجلی و گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے مہنگائی کے جن کو بے قابو کر دیا ہے۔ عوام معاشی بدحالی کی چکی میں بری طرح پس رہے ہیں جبکہ حکمران ریلیف دینے کے بجائے بلند و بانگ دعوؤں سے قوم کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے یہ بات “بدل دو نظام” ممبرشپ دعوتی کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے اور غریب طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی عوام دشمن پالیسیوں کے باعث تاجر، کسان، اساتذہ، ڈاکٹرز اور عام شہری سمیت معاشرے کا ہر طبقہ شدید معاشی اذیت اور مایوسی سے دوچار ہے۔ موجودہ فرسودہ نظام اپنی افادیت کھو چکا ہے، جس کے باعث عوام اب سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ لاہور سمیت ملک بھر میں“بدل دو نظام” ممبرشپ مہم عوام کے جذبات کی ترجمانی کر رہی ہے۔اس مہم کے ذریعے گھر گھر قرآن و سنت کا پیغام پہنچایا جا رہا ہے تاکہ دیانتدار اور مخلص قیادت کے ذریعے ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکے۔انہوں نے عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کی “بدل دو نظام” ممبرشپ مہم کا حصہ بنیں اور اس استحصالی نظام کے خاتمے کے لیے منظم جدوجہد ہمارے دستے بازو بنیں ۔