جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف 17 مئی کو لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاج کا اعلان ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی سید مودودی اسلامک سنٹر میں پریس کانفرنس
لاہور(نمائندہ خصوصی) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ مہنگائی ،لاک ڈاؤن ، تعلیمی پابندیاں، توانائی بحران اور ہاؤسنگ فراڈ حکومت کی ناکامی ہے ۔ 17 مئی کو لاہور پریس کلب کے سامنے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی مبینہ فراڈ سرگرمیوں کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید مودودی اسلامک سنٹر میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے کیا۔پریس کانفرنس میں نائب امیر جماعت اسلامی لاہورخالد احمد بٹ ،چوہدری محمد شوکت، صدر پبلک ایڈ کمیٹی قیصر شریف، سیکرٹری شاہد نوید ملک، رہنمااحمد سلمان بلوچ، میاں عثمان افضل سمیت دیگر عہدیداران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر امیر لاہور نے حکومتی پالیسیوں، مہنگائی، توانائی بحران اور ہاؤسنگ سیکٹر میں جاری بے ضابطگیوں پر تفصیلی اظہار خیال کیا اور کڑی تنقید کرتےہوئے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے باوجود ملک میں لاک ڈاؤن کا جاری رہنا بلاجواز ہے۔ تاجروں کو رات 8 بجے زبردستی دکانیں بند کروانے کا فیصلہ غیر منصفانہ اور معاشی سرگرمیوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں ہفتے میں 2 چھٹیوں کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تعلیمی نظام کو معمول پر لایا جائے اور ادارے ہفتے میں چھ دن کھولے جائیں تاکہ طلبہ کا تعلیمی نقصان نہ ہو۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی اور بجلی کے بلوں میں اضافی چارجز کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی، گیس اور پیٹرول کے شعبوں میں مافیا سرگرم ہیں جو عوامی وسائل کا استحصال کر رہے ہیں جبکہ حکومت موثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔امیر لاہور نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مسائل کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں سے اربوں روپے وصول کرنے کے باوجود انہیں پلاٹس اور گھروں کا قبضہ فراہم نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایل ڈی اے کی مبینہ ملی بھگت سے سینکڑوں غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیاں عوام کو دھوکہ دے رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسی سوسائٹیوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایل ڈی اے دفاتر میں عوام کو غیر ضروری رکاوٹوں اور رشوت ستانی کا سامنا ہے، جس کے تدارک کے لیے شفاف اور مؤثر نظام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک ہی شہر میں ایل ڈی اے اور روڈا جیسے دو ترقیاتی اداروں کی موجودگی کی قانونی حیثیت واضح کی جائے۔امیر لاہور نے کہا کہ احتساب کے اداروں سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کریں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کریں۔انہوں نے جماعت اسلامی ہر ظلم کے خلاف حکومتی پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریگی ۔
