حکومت مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی و گیس کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز ختم کرے۔
حکومت کا یہ اقدام حقیقی ریلیف کے بجائے عوامی مشکلات کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے کہا ہے کہ مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کیلئے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ صرف ایک پیسہ کمی کا اعلان عوام کے ساتھ سنگین مذاق اور ان کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ حکومت کا یہ اقدام کسی حقیقی ریلیف کے بجائے عوامی مشکلات کا مذاق اڑانے کے برابر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ،چوہدری محمد شوکت ، صدر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہور قیصر شریف، سیکرٹری شاہد نوید ملک، امیر ضلع شمالی عثمان افضل اور کنونیئر ہاؤسنگ سوسائٹیز پبلک ایڈ کمیٹی احمد سلمان بلوچ سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت مہنگائی، بے روزگاری، اضافی ٹیکسوں اور ناقص پالیسیوں کے ذریعے پہلے ہی عوام کا جینا دوبھر کرچکی ہے۔ بجلی، گیس اور دیگر یوٹیلیٹی بلوں میں اوورچارجنگ نے شہریوں کو شدید معاشی دباؤ کا شکار بنا دیا ہے جبکہ لوگ گھریلو اشیاء فروخت کرکے بل ادا کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی پالیسیوں نے چھوٹے تاجروں اور کاروباری طبقے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ کاروباری اوقات کار میں غیر ضروری پابندیاں بے روزگاری میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں جبکہ دوسری جانب مبینہ طور پر پیرا فورس کی کرپشن اور بھتہ خوری کے واقعات حکومتی دعوؤں پر سوالیہ نشان ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نمائشی اعلانات کے بجائے عملی اقدامات کریں، لاک ڈاؤن اور کاروباری پابندیوں کا خاتمہ کیا جائے، کچرا ٹیکس واپس لیا جائے، بجلی کے بلوں میں اوورچارجنگ بند کی جائے اور پیرا فورس میں موجود کرپٹ عناصر کا فوری احتساب کیا جائے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومت کو مہنگائی میں کمی، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور ٹیکسوں کے ظالمانہ نظام کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔