7

ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ کی ہدایت پر ٹرینوں کی لگیج وینز کا ری ویٹ، خلاف ورزی پر 27 ہزار روپے جرمانہ

ڈویژنل کمرشل آفیسر (DCO) عبداللہ ارشد نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر مختلف مسافر ٹرینوں کی لگیج وینز کا تفصیلی ری ویٹ کروایا۔

لاہور (عمرحیات چوہدری) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ کی خصوصی ہدایت پر ڈویژنل کمرشل آفیسر (DCO) عبداللہ ارشد نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر مختلف مسافر ٹرینوں کی لگیج وینز کا تفصیلی ری ویٹ (دوبارہ وزن) کروایا تاکہ مقررہ وزن اور سیفٹی معیارات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس خصوصی مہم کے دوران کوئٹہ، کراچی، راولپنڈی اور پشاور سے آنے والی ٹرینوں سمیت جعفر ایکسپریس، قراقرم، تیزگام، علامہ اقبال ایکسپریس، بزنس ایکسپریس اور دیگر اہم ٹرینوں کی لگیج وینز کا ری ویٹ کیا گیا۔ اس موقع پر کمرشل اور کلیم انسپیکٹرز سمیت ڈی سی او گروپ بھی موجود تھا۔
ری ویٹ آپریشن کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر 4 پرائیویٹ کنٹریکٹرز کو مجموعی طور پر 27 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ یہ کارروائی اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی کہ تمام کنٹریکٹرز سامان کی ترسیل کے حوالے سے پاکستان ریلوے کے مقررہ قواعد و ضوابط اور حفاظتی اصولوں کی مکمل پاسداری کریں۔
اس موقع پر ڈویژنل کمرشل آفیسر عبداللہ ارشد نے کہا کہ ٹرینوں کی لگیج وینز میں صرف منظور شدہ کیریئنگ کپیسٹی کے مطابق سامان لوڈ کرنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوور لوڈنگ نہ صرف ریلوے قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ ٹرین آپریشن اور مسافروں کی حفاظت کے لیے بھی خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ کی ہدایات کے مطابق سیفٹی کے اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کے مرتکب کنٹریکٹرز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ سنگین خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ کنٹریکٹس بھی منسوخ کیے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں