10

مسافروں کی سہولت کے پیش نظر لاہور ریلوے اسٹیشن پر پلیٹ فارم نمبر 2 اور 4 کی لمبائی میں توسیع کا آغاز

پلیٹ فارم کے بغیر کوچ میں سوار ہونا یا اترنا بزرگ مسافروں، مریضوں، بچوں اور خصوصاً خواتین کے لیے انتہائی دشوار تھا۔ ڈی ایس ریلوے انعام اللہ

ڈی ایس ریلوے انعام اللہ کی ہدایت پر ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر غلام مرتضیٰ کام کے معیار اور کوالٹی کی مسلسل نگرانی کریں گے۔

لاہور (عمرحیات چوہدری): پاکستان ریلوے نے مسافروں کی سہولت کو مقدم رکھتے ہوئے لاہور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 2 اور 4 کی لمبائی میں توسیع کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے سے ایک دیرینہ مسئلہ حل ہوگا اور مسافروں کو ٹرینوں میں سوار ہونے اور اترنے میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے آنے والی یا لاہور سے کراچی روانہ ہونے والی بعض ٹرینوں کی ایک یا دو کوچیں پلیٹ فارم کی کم لمبائی کے باعث پلیٹ فارم سے باہر رکتی تھیں، جس کے نتیجے میں ان کوچوں میں سوار ہونا یا ان سے اترنا بزرگ مسافروں، مریضوں، بچوں اور خصوصاً خواتین کے لیے انتہائی دشوار تھا۔
ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلوے انتظامیہ نے پلیٹ فارم نمبر 2 اور 4 کی توسیع کا فیصلہ کیا اور منصوبے پر عملی کام کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ تمام کوچیں مکمل طور پر پلیٹ فارم پر رکیں اور مسافروں کو محفوظ، آسان اور بہتر سفری سہولیات میسر آئیں۔

واضح رہے گزشتہ دنوں دورے کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد حفیظ اللہ نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ کے ہمراہ پلیٹ فارم نمبر 2 اور 4 کی لمبائی میں توسیع کا اصولی فیصلہ کیا تھا۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ نے ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر غلام مرتضیٰ کو ہدایت کی ہے کہ منصوبے کے دوران کام کے معیار، کوالٹی اور رفتار کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ یہ منصوبہ قلیل وقت میں بہترین معیار کے مطابق مکمل ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں