پاکستان میں سرمایہ کاری کے پر کشش مواقع موجود ہیں: وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
بورڈ آف انوسٹمنٹ کے اعزازی ایڈوائزرسید فیروز شاہ کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر گفتگو
کراچی( اسٹاف رپورٹر)جاپان کااعلیٰ ترین سول ایوارڈ ”دی آرڈر آف رائزنگ سن گولڈ ریز ودھ روزیٹ“حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی اورحکومت پاکستان کی جانب سے ”تمغہ امتیاز“ حاصل کرنے والے بورڈ آف انوسٹمنٹ کے اعزازی ایڈوائزراورپاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سید فیروزعالم شاہ نے وفاقی وزیرتعلیم ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی اور جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی کے اعزاز میںظہرانے کا اہتمام کیا ۔ اس موقع پر پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارتی تعلقات میں وسعت ،صنعتی تعاون ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ،پاکستانی طلبہ اور اساتذہ کیلئے جاپان میں اسکالر شپ ، پینے کا صاف پانی ، زراعت ،مختلف انفراسٹرکچر منصوبوں ،ہنر مند لیبر کیلئے روزگار کے مواقع سمیت جاپان اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ پر تکلف ظہرانے کی دلکش تقریب جاپان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی، احترام اور مشترکہ ترقی کے عزم کی علامت بن گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے کہا کہ جاپان گورنمنٹ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے ذریعے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے، سڑکوں، پانی کی فراہمی، سماجی ترقی کے منصوبوں میں معاونت کررہی ہے، پینے کے صاف پانی کے کنویں کھودنے کیلئے جدید ترین ڈرلنگ مشینری ، تعلیم اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے مختلف منصوبوں میں تکنیکی معاونت فراہم کی ،یہ منصوبے پاکستانی عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے جاپان کی طویل مدتی ترقیاتی شراکت داری کا حصہ ہیں۔وفاقی وزیرتعلیم ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے انتہا اور پر کشش مواقع موجود ہیں لہٰذا جاپان کی بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعوں سے بھرپور استفادہ کریں،پاکستانی حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار اور پرکشش ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ بورڈ آف انوسٹمنٹ کے اعزازی ایڈوائزر سید فیروزعالم شاہ نے پاکستان میںسماجی ترقی کے منصوبوں میں معاونت کرنے سمیت جاپان کی جانب سے پاکستان میں سڑکوں کے نیٹ ورک میں بہتری کیلئے پاکستان کیسا تھ مختلف منصوبوں، جن میں انڈس ہائی وے اور کوہاٹ ٹنل شامل ہیںمیں شراکت داری کے علاوہ غازی باروتھا ہائیڈرو پاور منصوبہ کے علاوہ قومی ٹرانسمیشن لائنز اور گرڈ اسٹیشنز کی مضبوطی کیلئے بھرپور تعاون کرنے پر گورنمنٹ آف جاپان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ آف جاپان، پاکستانی حکومت کیسا تھ پاکستان کے معاشی انفراسٹرکچر اور سماجی بنیادوں کی بحالی میں تعاون جاری رکھے گی۔
