نوجوان پرامن جدوجہد کے ذریعے نظام کی تبدیلی اور معاشرتی اصلاح کی سب سے بڑی قوت ہیں، احتجاجی مہم ہر تعلیمی ادارے، گلی، محلے اور بازار تک پہنچائی جائے۔
امیرجماعت اسلامی لاہور کا سید مودودی اسلامک سنٹر میں جے آئی یوتھ لاہور کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب
لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ7 اگست کا احتجاج صرف ایک سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ طلبہ، نوجوانوں، بائیک رائیڈرز، ڈیلیوری بوائز اور عام آدمی کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی مؤثر آواز ثابت ہوگا۔نوجوان ہی پرامن، منظم اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے ملک میں مثبت تبدیلی اور نظام کی اصلاح کی حقیقی طاقت رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید مودودی اسلامک سنٹر میں منعقدہ جے آئی یوتھ لاہور کے ذمہ داران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں 7 اگست کے احتجاج کی تیاریوں، تنظیمی حکمت عملی، عوامی رابطہ مہم اور اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور احتجاج کو بھرپور اور منظم انداز میں کامیاب بنانے کے لیے مختلف ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔اجلاس میں سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء ملک شاہد اسلم اور وقاص احمد بٹ، ڈپٹی سیکرٹریز راشد داؤد اور قیصر شریف، سیکرٹری جے آئی یوتھ لاہور حمزہ بلال سمیت لاہور کے تمام اضلاع اور زونز سے جے آئی یوتھ کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے ہدایت کی کہ 7 اگست کے احتجاج میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں بھرپور عوامی رابطہ مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے قافلوں کی صورت میں احتجاج میں شریک ہونے کی دعوت دی جائے، جبکہ تعلیمی اداروں، کالجوں، جامعات، گلی محلوں، بازاروں اور مختلف سماجی حلقوں میں دعوتی مہم کو مزید مؤثر اور تیز کیا جائے تاکہ ہر نوجوان تک جماعت اسلامی کا پیغام پہنچ سکے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ نوجوانوں کے مسائل، روزگار، تعلیم، مہنگائی اور شہری حقوق کے تحفظ کے لیے عملی جدوجہد کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی ہر فورم پر نوجوانوں کی نمائندگی کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 7 اگست کا احتجاج عوامی حقوق کے حصول، نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور انصاف پر مبنی نظام کے قیام کی جدوجہد کا اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔اجلاس کے اختتام پر جے آئی یوتھ لاہور کے ذمہ داران نے عزم کا اظہار کیا کہ 7 اگست کے احتجاج کو تاریخی، منظم اور بھرپور عوامی شرکت کے ساتھ کامیاب بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے شہر کے ہر ضلع، زون اور یونین کونسل کی سطح پر رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔
